English   /   Kannada   /   Nawayathi

اذان پر شیوسینا بی جے پی میں تکرار

share with us

ممبئی:یکم دسمبر 2020(فکرو خبر/ذرائع) حکمراں مہا وکاس اگھاڑی اور اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ایک بار پھر اس وقت محاذ آرائی کا شکار ہوگئی جب شیوسینا نے مہاراشٹرا میں ’مقابلہ اذان‘ کی ستائش کی اور اذان کا موازنہ ’مہا آرتی‘ سے کیا۔ اس عمل پر بی جے پی نے جم کر شیوسینا کی تنقید کی۔ دراصل شیوسینا جنوبی ممبئی کے وِبھاگ پرمکھ پانڈورنگ سکپال نے ’اذان‘ کے لئے تعریفی کلمات ادا کیےاور دعویٰ کیا کہ ’ بھگوت گیتا مقابلوں ‘ کے طرز پر ایک ’اذان تلاوت مقابلہ‘ ہونا چاہئے۔
30 نومبر کو اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوے سکپال نے کہا کہ انہوں نے ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم این جی او، میری فاؤنڈیشن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس طرح کے ایک ’اذان‘ مقابلے کے انعقاد پر غور کریں تاکہ مسلم بچوں کو نماز و تلاوت کی ترغیب مل سکے، جس کی ادائیگی وہ روزانہ پنج وقتہ مساجد میں جاکر کرتے ہیں۔
سکپال نے مزید کہا کہ ’’میں میرین لائنز علاقے میں واقع مسلمانوں کے ایک قبرستان بنام ’بڑا قبرستان‘ کے قریب ہی رہائش پذیر ہوں، نیز مجھے روزانہ’ اذان ‘ کی آواز سنائی دیتی ہے جو مسحور کن ہوتی ہے، خوشگوار لگتی ہے اور جو بھی اسے ایک بار سنتا ہے، وہ ’اذان‘ کے اگلے دور کا بے تابی سے انتظار کرتا ہے۔ اسی بات کو لے کر انھیں مقابلہ اذان کے انعقاد کا خیال آیا۔‘‘ انہوں نے آگے کہا کہ ’اذان‘ بمشکل پانچ منٹ تک جاری رہنے والا عمل ہے اور یہ اتنی ہی اہم ہے جتنا کہ ’ مہا آرتی‘، جو کہ امن اور محبت کی علامت ہے اور اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش نہیں کرنا چاہیے۔
شیوسینا لیڈر سکپال کے اس بیان پر ممبئی سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر اتل بھٹکلکر نے حیرت کا اظہار کیا کہ ہندو سمراٹ بال ٹھاکرے کی تشکیل کردہ شیوسینا جو خالص ہندو نظریات کے حامل ہونے کا دعوی کرتی ہے، اچانک ہی وہ اذان کی اس طرح کب سے خواہاں ہوگئی، خاص طور پر جب اس نے ماضی میں ہمیشہ سڑکوں پر مسلمانوں کی جانب سے ’نماز‘ کی ادائیگی کی مخالفت کی تھی۔
بھٹکلکر نےمزید کہا کہ یہ وہی شیوسیناہے جو ماضی میں انتخابات کےدوران کانگریس کو ووٹ دینا ’دہشت گردی‘ یا ’قصاب‘ کو ووٹ دینے کا مترادف قرار دیتی تھی، آج اس کے رویہ میں اتنی تبدیلی کیسے آگئی۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ معاملہ ’اذان‘ کی مخالفت کرنے کا نہیں ہے، بلکہ سچائی یہ ہے کہ شیوسینا مذہبی سیاست کا گندہ کھیل کر رہی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا