English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل: کہکشاں کی جانب سے منعقد ہوا اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام، کہکشاں سے مزید روشنی بکھیرنے کے عزائم کا اظہار  

share with us

جسم کی طرح روح کو بھی غذا کی ضرورت ہے:  مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی 

بھٹکل 29؍نومبر 2020(فکروخبر نیوز) ادارہ ادب اطفال بھٹکل کا اہم شعبہ‘‘ کہکشاں’’کی جانب سے  مدحت سلطانِ مدینہ کے عنوان پر ایک خوبصورت پروگرام بروز سنچر بعد نمازِ عشاء خوشحال نوائط کالونی میں منعقد کیا گیا جس میں بطورِ مہمانِ خصوصی آل انڈیا پیامِ انسانیت کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی دامت برکاتھم نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔ پروگرام میں کاروانِ اطفال نے جہاں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہیں کہکشاں سے جڑے بہترین اور دلکش آواز کے مالک نوجوانوں اور بچوں نے بھی اپنی دلنشیں اور سریلی آواز میں بزم کو چار چاند لگادئے۔ خاص بات یہ رہے کہ اس بزم میں جتنی نعتیں نئے اور دل کو چھولینے والے انداز میں پیش کی گئیں وہ سب ہماری فارغین  کے شعراء کا کلام تھا جس کو سننے کے بعد حاضرین یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کہ ان پر تھوڑی سی مزید محنت سے قوم وملت کو تعمیری فکر رکھنے والے افراد مل سکتے ہیں۔ پروگرام کی بہت سی خصوصیات میں یہ خصوصیت یہ بھی پورے پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری کاروانِ اطفال کے کارکنان نے بحسنِ وخوبی انجام دی۔ 

جسم کی طرح روح کو بھی غذا کی ضرورت ہے: مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی 

آل انڈیا پیامِ انسانیت کے جنرل سکریٹری مولانا بلال عبدالحئی حسنی ندوی نے روح کی فکر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح جسم کو غذا کی ضرورت ہے اسی طرح روح کو بھی غذا کی ضرورت ہے، جسم کو نقصان پہچنے پر آدمی معالج سے رابطہ کرتا ہے اسی طرح روح میں احساس ختم ہوجائے تو اس آدمی سے امت کو فائدہ نہیں پہنچتا۔ انہوں نے ادارہ ادبِ اطفال کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس کہکشاں کی روشنی بہت دور تک چلی جائے گی۔ مولانا نے رسولﷺ کی زندگی کو اسوہ اور نمونہ بنائے جانے کی بات کہتے ہوئے اخلاقِ رسول سے متصف ہونے کی بھی نصیحت کی۔ مولانا نے کہا کہ آج دنیا کو اس کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو آپ ﷺ کی زندگی کا عکس بنائیں۔ اس اقت انسایت کے سامنے بڑے مسائل ہیں جن کا حل یہ امت خصوصاً علماء ہی بہترین انداز میں کرسکتے ہیں۔ 

 

جن راستوں سے الحاد آرہا ہے انہیں کو اختیار کرتے ہوئے اس کا سد باب کریں :  مولانا محمد الیاس ندوی 

ماہنامہ پھول بھٹکل کے سرپرست مولانا محمد الیاس ندوی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں حدودِ شریعت میں رہتے ہوئے ان راستوں کو منتخب کرتے ہوئے نئی نسل میں ایمان کی بقا کی کوشش کرنی ہے جن راستوں سے الحاد اور بدینی آرہی  ہے۔ انہوں نے حضرت مولانا علی میاں ندوی رحمۃ اللہ کے حوالہ سے کہا کہ الحاد اور بددینی کے اس ماحول میں ہمیں ان چیزوں کو اپنانے کی ضرورت ہے جس کے ذریعہ سے الحاد آرہا ہے۔ ادارہ کی کوششوں کے تعلق سے کہا کہ ایک زمانہ میں جامعہ کے فارغین میں بہت کم شعراء پیدا ہورہے تھے آج اس ادارہ کی برکت سے ادھر چند سالوں سے بہت زیادہ تبدیلی آگئی ہے اور اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگاسکتے ہیں کہ یہاں پڑھنے والے بھی ادارہ کے افراد اور ان کلاموں کو لکھنے والے بھی ادارہ کے افراد ہیں۔ انہیں دیکھ کر آج ہمیں بھی محسوس ہورہا ہے کہ پڑھنے اور پڑھانے کے زمانے میں شاعر، قاری نہ بننے پر جس طرح ہم خوشی محسوس کرتے تھے آج اس مجلس میں شریک ہونے کے بعد یہ اندازہ ہوگیا ہے کہ کم سے کم ہمیں بھی شاعر بننا تھا۔ انہوں نے اس کے ذریعہ سے دین اور ایمان کی بقاء کی شکلیں پیدا کرتے ہوئے منظم انداز میں دین کا پیغام عام کرنے کا ذریعہ بنائے جانے پر بھی اپنی مفید باتوں کا اظہار کیا۔ 

نئے زمانہ کے چیلنجس کا مقابلہ کرنے کے لیےکی جانے والی کوششوں کے نتائج ہمت افزا : مولانا سمعان خلیفہ ندوی 

پروگرام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے مشرفِ کہکشاں مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے کہا کہ ہمارا سب سے اہم مقصد طلباء میں موجود خوابیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے، انہوں نے ادارہ ادبِ اطفال کا مختصراً تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادھر چند سالوں نے ادارہ نے نئی نسل میں ایمان کی بقا، الحاد  ودین بیزاری کے ماحول کو ختم کرنے اور نئے زمانہ کے چیلنجس کا مقابلہ کرنے کے لیے جن عزائم کو اختیار کیا ہے اور اس کے جو نتائج مرتب ہورہے ہیں وہ بیان سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تحریک کے تحت اس پر کام کیا ہے اور اس کے تحت چلنے والا بچوں کا رسالہ پھول نے کم مدت میں ترقیوں کے منازل طئے کیے۔ مولانا نے ادارہ کے تحت لائبریری کے قیام پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں قائم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ کہکشاں کا تعارف کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جنہیں بہترین آواز عطا فرمائی ہیں انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور اس کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کی کوششیں کی گئیں۔ اب تک اس سلسلہ میں کچھ کام ہوچکا ہے اور مستقل ایک اسٹوڈیو کے قیام کے ساتھ منظم انداز میں اس کام کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ مولانا نے مزید اس بات کا بھی اظہار کیا ہے جو لوگ اس میدان میں کام کرتے ہیں وہ تلفظ اور حسنِ ادا پر زیادہ دھیان نہیں دیتے، ہمارا مقصد ہر اعتبار سے معیاری کلام بہتر سے بہتر انداز میں پیش کرنا ہے 


بچوں میں پنہاں صلاحیتوں کو پہچاننا چاہیے:  مولانا ڈاکٹر عبدالحمید ندوی 

صدر ادارہ ادب اطفال بھٹکل مولانا  ڈاکٹرعبدالحمید اطہر ندوی نے کہا کہ ہر بچہ میں کچھ نہ کچھ صلاحیت ہے اس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ بسا اوقات بچوں کی طرف ہماری توجہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ صلاحیتیں پروان نہیں چڑھ پاتیں، اس لیے اپنے بچوں میں کس کس طرح کی صلاحیتیں موجود ہیں اس کو پہچاننا نہایت ضروری ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا