English   /   Kannada   /   Nawayathi

فکروخبر بھٹکل کی جانب سے المکتبۃ الشاملۃ کے استعمال کے طریقہئ کار پر ورکشاپ کاانعقاد 

share with us


مولانا محمد علی شریف نے طلباء کو دی اہم معلومات، کل بروز اتوار ورکشاپ کی دوسری اہم نشست ہوگی منعقد 


بھٹکل 21/ نومبر 2020(فکروخبر نیوز)  فکروخبربھٹکل کی جانب سے فارغین اور طلباء کے لئے عربی کتابوں کی ڈیجیٹیل لائبریری ”المکتبۃ الشاملۃ“ کے استعمال کے طریقہ پر آج بعد عصر مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کمپیوٹر کی دنیا کے ماہر مولانا محمد علی شریف ندوی نے روشنی ڈالی۔ مولانا نے تمہیدی گفتگو کے دوران بتایا کہ سن 1998میں جب کمپیوٹر بہت نیا نیا تھا اور اس کا استعمال سبھی نہیں جانتے تھے اس وقت ڈیجیٹیل کتابیں سی ڈی میں آتی تھیں اور مخصوص مکتبوں کی مخصوص سی ڈی ہوا کرتے تھے۔یہ سی ڈیس اتنے مہنگے تھے کہ عام لوگ اس کو خرید نہیں سکتے تھے۔ بسا اوقات ایک سی ڈی دو سو سے تین سو درہم میں بھی فروخت ہوئی ہیں۔ یہ خدمت سے زیادہ تجارت بن گئی تھی۔ پھر ایک زمانہ پین ڈرائیو کا آیا اور پہلا پین ڈرائیو 516ایم بی کا تھا۔ اس کے بعد ترقی ہوتے ہوتے آج ٹیکنالوجی بہت آگے جاچکی ہے۔ آج کئی کئی جی بی کے ایس ڈی کارڈ آچکے ہیں اور رفتارِ زمانہ کے ساتھ ڈیجیٹیل لائبریری میں ترقی ہوتی چلی گئی۔ مولانا نے کہا کہ اللہ جزائے خیردے سعودیہ کے ان احباب کو جنہوں نے ہزاروں کتابیں ایک ہی جگہ المکتبۃ الشاملۃ کے نام سے تیار کی اور اس کے لئے انہوں نے جو خدمات انجام دی ہیں انہیں سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈیجیٹیل لائبریری میں ہزاروں کی کتابیں نہ صرف پڑھی جاسکتی ہیں بلکہ آسانی کے ساتھ انہیں تلاش بھی کیا جاسکتا ہے اور اسے کاپی بھی کیا جاسکتا ہے۔ مزید انہوں نے اس میں یہ آپشن بھی رکھا کہ اس میں ڈاؤنلوڈ کی گئی کتابیں داخل بھی کی جاسکتی ہے اور جن کتابوں کی آپ کو ضرورت نہیں ہے اسے نکالا بھی جاسکتا ہے۔ مولانا اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خصوصاً ہمارے یہاں  اس کا استعمال بہت ہی کم ہے۔ 
    ان سے قبل صدر فکروخبر مولانا محمد الیاس ندوی نے مولانا محمد علی شریف صاحب ندوی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انہیں بہت سی صلاحتیوں سے نوازا ہے۔ یہ اپنے دور میں مکتب جامعہ کے صدر مدرس بھی رہ چکے ہیں اور درس تدریس کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل چیزوں میں بھی کافی مہارت رکھتے ہیں۔ فکروخبر سے ان کا شروع دن سے ربط رہا ہے اور ماشاء اللہ اپنا تعاون پیش کرتے آرہے ہیں۔ انہو ں نے امید ظاہر کی کہ اس ورکشاپ کے ذریعہ ہمارے فارغین اور طلباء فائدہ اٹھائیں گے اور بحث وتحقیق کے میدان میں آگے بڑھیں گے۔ 
    فکروخبر کے مدیر اداری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے کہا کہ یہ ورکشاپ بعض وجوہات کی بناء پر دو مرتبہ ملتوی بھی کیا گیا لیکن اس مرتبہ اسے منعقد کیا گیا ہے اور امید ہے کہ حاضرین اس سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ محمد علی شریف صاحب کئی سال مرکز جمعۃ الماجد میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فکروخبر ویب سائٹ میں موجود شریف کیبورڈ مولانا ہی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مولانا نے فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی کے ساتھ ایک بڑا وقت گذارا ہے اور مولانا موصوف کا اصرار تھا کہ اس موضوع پر بات سامنے آنی چاہیے۔ 
    نوٹ :  یہ ورکشاپ کل بھی جاری رہے گا۔ ان شاء اللہ کل بروز اتوار بعد عصر ٹھیک ساڑھے چار بجے مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی میں ورکشاپ کی دوسری نشست منعقد ہوگی۔ جملہ علماء اور طلباء سے اس میں خصوصی طور پر شرکت کی درخواست ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا