English   /   Kannada   /   Nawayathi

اہل خیر حضرات!  مدارس دینیہ کی بھر پور مدد کریں: مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر  

share with us

ممبئی:16نومبر 2020(فکرو خبر/پریس ریلیز)عالمی وباء کرونا وائرس کی وجہ سے تمام شعبہ جات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔اور اس کے اثر سے مساجد و مدارس کا مالی نظام بھی بحران کا شکار ہواہے۔مساجد کے ائمہ و مؤذنین اور مدارس کے اساتذہ و خدام ماہانہ مشاہرہ سے محروم سخت آزمائش سے دوچار ہوئے۔جمعیۃعلماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے اجلاس مجلس عاملہ منعقدہ ۸/ نومبرمیں مساجد و مدارس کی اس صورت حال پر فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے بطور خاص یہ قرار داد منظور کی گئی کہ مساجد و مدارس کا نظام بحال ہونے کے بعد ان کی مالی اعانت کے لئے قوم کے مخیر حضرات کی توجہ مبذول کرانے کے مقصد سے جمعیۃعلماء مہاراشٹر خصوصی اپیل کرے گی۔ 

      واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے وفد نے دو بار حکومت کے وزراء سے ملاقات کرکے عبادتگاہوں کے کھولنے کے سلسلے میں نمائندگی کی۔

جس کے نتیجہ میں حکومت مہاراشٹر نے 16/نومبر (دوشنبہ)سے عباد ت گاہوں کا نظم کچھ مخصوص شرطوں کے ساتھ بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اسی طرح  مدارس دینیہ جن کا مکمل انحصار رمضان المبارک کے چندے پر ہوتاہے۔ لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی وجہ سے حد درجہ متاثرہ ہوئے ہیں۔اب جبکہ عبادتگاہیں کھل رہی ہیں۔تو حسب معمول مدارس دینیہ کے تعاون کے لئے ان کے نمائندے ممبئی شہرا ور اس کے مضافات میں تشریف لائیں گے۔ اور یہ بات قابل ذکر ہے کہ ممبئی و اطراف کے اہل خیر حضرات جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی تصدیق کو قدر کی نظر سے دیکھتے اور اعتماد کرتے ہوئے مدارس کے تعاون میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔جس کی بناء پر سفراء اور ذمہ داران مدارس جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی تصدیق کے حصول کے لئے ریاستی دفتر واقع اما م باڑہ کمپاؤنڈ،ممبئی تشریف لاتے ہیں۔

چونکہ امسال لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے بشمول مدارس دینیہ مکمل  طور پر بند رہے،زیادہ سے زیادہ بعض مدارس نے آن لائن تعلیم کا نظم کیا تھا۔اس لئے سال رواں میں زیر تعلیم  دار الاقامہ کے طلبہ کی تعداد اور مدارس کے مظبخ وغیرہ کے اخراجات کی تفصیل فراہم کرنا مشکل ہے۔ اس لئے ذمہ داران جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سال گزشتہ 2019میں جاری کئے گئے تصدیق نامہ کی یک سالہ میعاد میں توسیع کرکے اس کو ماہ رمضان المبارک 1442تک وسعت دے دی جائے۔اور معمول کے مطابق تعلیمی نظام شروع ہونے کے بعد ہی حسب ضابطہ جدید تصدیق نامہ جاری کیا جائے گا۔ 

اہل خیر،صاحب ثروت اورائمہ مساجدسے اپیل ہے کہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ،ممبئی سے جاری سال گزشتہ2019کے تصدیق نامہ کی اصل کاپی پر اعتماد کرتے ہوئے مدارس دینیہ کے نمائندوں کی بھر پور مدد کریں۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا