English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل میں قائم کوویڈ سینٹر میں فراہم کی جارہی ہیں بہتر سہولیات، عوام سے فائدہ اٹھانے کی اپیل :  تنظیم، آئی این ایف اور رابطہ سوسائٹی کی پریس کانفرنس 

share with us

بھٹکل 23/ ستمبر 2020(فکروخبر نیوز)  مجلس اصلاح وتنظیم، آئی این ایف اور ابطہ سوسائٹی کے اشتراک سے قائم پرائمری کوویڈ سینٹر کے بارے میں معلومات فراہم کرانے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے تنظیم کے دفتر میں آج دوپہر دیڑھ بجے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مذکورہ اداروں کے ذمہ داروں نے سینٹر میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور مریضوں کو ابتداء میں علاج کرنے کی صلاح بھی دی۔

  پریس کانفرنس میں ذمہ داروں نے بتایا کہ جب شہر میں کورونا کے معاملات بڑھنے لگے اور یہاں مریضوں کو بہتر طبی امداد نہیں ملنے لگی تواس کے نتائج بھی سنگین سامنے آئے۔ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک حد تک خراب ہوگئی اور کئی اپنی جان سے بھی ہاتھ دھوبیٹھے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

  انہی حالات کو دیکھتے ہوئے ایک پرائمری کوویڈ سینٹر قائم کیا گیا اور منگلور کے انڈیانا اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں سے مشورے کے بعد یہاں سہولیات فراہم کی گئیں لیکن ان سب کے باوجود اس سینٹر سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار پریس ریلیز میں ذمہ داروں نے کیا۔

  ان کا ماننا یہ ہے کہ یہ سہولیات شہر میں اسی لئے دی جارہی ہیں  تاکہ مرض کے ابتداء ہی میں اس کا علاج ہوسکے اور انہیں شہر سے باہر نہ جانا پڑے۔

  شہر سے باہر جاکر علاج کرنے میں جن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کی بھی تفصیلات رکھی گئی اور بتایا کہ ایک دن کے علاج کے لئے جن مریضوں سے چھ ہزار روپئے وصول کئے جارہے ہیں، اسی علاج کے لئے یہاں پر صرف 2,500روپئے لئے جارہے ہیں جس میں ڈاکٹر س، نرسیس، روم اور دیگر اخراجات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مریضوں کو دوائیاں بھی کم قیمت پر دی جارہی ہیں اور مریضوں کو ٹیسٹ کے لئے جانے کے دوران فری ایمبولنس کی خدمات بھی فراہم ہیں۔

   انہو ں نے بتایا کہ منگلور کے مشہور انڈیانا اسپتال کے ڈاکٹروں کی خدمات لی جارہی ہیں اور ان کی نگرانی میں علاج کیا جارہا ہے۔ یہ سب سہولتیں اسی وجہ سے مہیاکی جارہی ہیں تاکہ مریضوں کا یہاں بہتر علاج ہوسکے اور کم اخراجات میں مریض صحت مند ہوکر لوٹے لیکن اس سے جس طرح فائدہ اٹھانا چاہیے اس طرح نہیں اٹھایا جارہاہے۔ جن کے لئے یہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں بہت کم لوگ اس سے مستفید ہورہے ہیں۔ کم اخراجات میں علاج کئے جانے کے بعد لوگ ابتداء میں علاج سے کترارہے ہیں جس کے نتائج بڑے سنگین آرہے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ حالت خراب ہونے کے بعد مریضوں کو یہاں داخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور انہیں بدرجہئ مجبوری منگلورو منتقل کرنے کی ضرورت پیش آرہی ہے۔

  ذمہ داروں نے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مرض کی تشخیص کے بعد علاج میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتیں اور فوری طور پر علاج شروع کردیں۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ پرائمری کوویڈ سینٹر میں علاج کارگر نہ ہونے کی صورت میں مریض کو اختیار ہے کہ اپنا مزید علاج جہاں چاہے کریں ان کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ مرض کو ہلکے میں نہ لیں اور پانی سر سے اوپر جانے سے پہلے علاج کروائیں 
اس موقع پرتنظیم کے صدر جناب ایس ایم پرویز، سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی،نائب صدر جناب عتیق الرحمن منیری،پرائمری کوویڈ سینٹر کے کنوینر  جناب ارشد محتشم، آئی این ایف کے صدر عبدالمجید جوکاکو، آئی این ایف کے سکریٹری معاذ جوکاکو اور محی الدین رکن الدین وغیرہ موجود تھے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا