English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاجر مزدوروں کی موت سے متعلق مرکز کے پاس نہیں اعدادو شمار ، کہا نہیں دیا جائے گا کوئی معاوضہ

share with us

نئی دہلی:15ستمبر 2020(فکرو خبر/ذرائع) مرکزی وزارت نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی اموات سے متعلق کوئی اعداد و شمار موجود نہیں ہیں، اس وجہ سے معاوضے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔

وزارت کا یہ بیان پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں سامنے آیا ہے۔تاہم وزارت نے اعتراف کیا ہے کہ 1 کروڑ سے زیادہ تارکین وطن ملک کے مختلف گوشوں سے اپنی آبائی ریاستوں کو واپس آئے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے بعد پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں وزارت سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت کے پاس اپنی ریاستوں کو واپس جانے والے تارکین وطن کارکنوں کے بارے میں کوئی ڈیٹا موجود ہے۔

وزارت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہجرت کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے تارکین وطن مزدوروں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے۔

اپنے تحریری جواب میں مرکزی وزیر سنتوش کمار گنگوار نے کہا ’’اس طرح کا کوئی اعداد و شمار برقرار نہیں رکھا گیا ہے، لہذا مذکورہ بالا مطالبے (معاوضے) کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘وزارت کے اس بیان کے بعد حزب اختلاف کے متعدد رہنماؤں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

کانگریس کے دگ وجیہ سنگھ نے کہا ’’حیرت کی بات ہے کہ لیبر منسٹری نے کہا ہے کہ اس کے پاس تارکین وطن مزدوروں کی اموات سے متعلق کوئی ڈیٹا نہیں ہے اور اس وجہ سے معاوضے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔‘‘انھوں نے مزید کہا ’’بعض اوقات مجھے لگتا ہے کہ ہم اندھے ہیں یا حکومت کو لگتا ہے کہ وہ ہر ایک کو نظر انداز کر سکتی ہے۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا