English   /   Kannada   /   Nawayathi

کرناٹک :  ایس ایس ایل سی کے نتائج منظر عام پر: مجموعی نتیجہ 71.80فیصد، بھٹکل کے ملی اسکولوں کی بھی رہی شاندار کارکردگی

share with us


بھٹکل 10/ اگست 2020(فکروخبر نیوز) کرناٹکا ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج آج منظر عام پر آگئے۔ مجموعی نتیجہ 71.80فیصد رہاجو گذشتہ سال کے مقابلہ میں 1.9فیصد کم رہا۔ سالِ گذشتہ کا مجموعی نتیجہ 73.70 فیصد تھا۔ امسال ریاست بھر سے پانچ لاکھ بیاسی ہزار تین سو سولہ طلباء وطالبات نے امتحان میں کامیابی حاصل کرلی۔ ایک ہزار پانچ سو پچاس اسکولوں کے نتائج سو فیصد رہے۔ چھ طلباء نے سو فیصدنمبرات سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ 
امسال 27مارچ کو امتحانات کے آغاز کا اعلان کیاگیا تھا اور طئے شدہ پروگرام کے مطابق 9  اپریل کو ختم ہونا تھا۔ لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے 24مارچ سے لاک ڈاؤن شروع ہوگیا جس کے چلتے یہ امتحانات ملتوی کردئیے گئے۔ بڑھتے کورونا کے معاملات کے باوجود بھی جب وزیر تعلیم ایس سریش کمار نے امتحانات رد نہ کرنے کا اعلان کیا تو اس پر بڑ ا شور ہوا۔ کئی لوگوں نے امتحانات رد کرنے کا مشورہ دیا اور دیگرجماعتوں اور ریاستوں کی طرح ایس ایس ایل سی کے طلباء کو بھی اگلے درجات میں ترقی دینے کا مطالبہ زور پکڑتا گیا لیکن ان سب کے باوجود کرناٹکا میں احتیاطی تدابیرکو اختیار کرتے ہوئے امتحانات ہوئے اور اس کے نتائج کا آج باضابطہ اعلان ہوا۔ 
بھٹکل تعلقہ میں سینٹ تھومس اسکول کی طالبہ آدتیہ پائی بنت ادئی پائی نے 99.04فیصد کے ساتھ پورے تعلقہ میں ٹاپ کیا ہے۔ وہیں ضلع کے سرسی تعلقہ کی طالبہ سنّدھی ہیگڈے ان چھ خوش نصیب طلباء وطالبات کی فہرست میں ہے جنہو ں نے سو فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ 
بھٹکل کے ملی اسکولوں کے نتائج اطمینان بخش رہے۔ امسال ان اسکولوں میں علی پبلک اسکول بھٹکل کا اضافہ رہا جہاں کے طلباء نے پہلی مرتبہ ایس ایس ایل سی کے امتحانات دئیے جن کا مجموعی نتیجہ 86فیصد رہا۔ پہلی مرتبہ ایس ایس ایل سی کے امتحانات دینے کے باوجودعلی پبلک اسکول بھٹکل کے نتائج پر اسکول کے ذمہ داروں اور اساتذہ کو مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ گرلز سیکشن میں زینب بنت یوسف رکن الدین نے 94.40فیصد سے کامیابی حاصل کرلی ہے اور بوائز سیکشن میں ابراہیم ابن امتیاز احمد حاکم نے 88.64فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔  دیگر اسکولوں میں نونہال سینٹرل اسکول بھٹکل کا نتیجہ 88.57فیصد رہا۔ اس اسکول میں فسیلہ امل نے 95.84فیصد نمبرات حاصل کئے۔ اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کا مجموعی نتیجہ 60.20فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں سید اسحاق ابن سید ابراہیم کریکال نے 95.84فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کرلی۔ انجمن بوائز اسکول کا نتیجہ 71.42فیصد کے ساتھ محمد صہیب ابن عبدالقادر چکیری نے 90.88نمبرات سے کامیابی حاصل کرلی۔ امسال سے شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول میں آئی سی ایس ای کے تحت امتحانات ہورہے ہیں اس وجہ سے یہاں کے ایس ایس ایل سی کے طلباء کرناٹکا بورڈ کے تحت ہونے والے امتحان میں شریک نہیں ہوئے۔ 
طالبات میں انجمن گرلز ہائی اسکول بھٹکل کا نتیجہ 75.50فیصد رہا۔ انگلش میڈیم میں سنین بنت محمد شعیب برماور نے 95.68نمبرات حاصل کرلئے اور اردو میڈیم میں بی بی اسماء بنت آدم نذیر ہرنگی  کے نتائج  91.2فیصد رہے۔ انجمن گرلز انگلش میڈیم ہائی اسکول نوائط کالونی کا مجموعی نتیجہ 82.60فیصد ریکاڈ کیا گیا ہے۔ جس میں فاطمہ بنت عبداللہ شاہ بندری نے 96.96فیصد نمبرات حاصل کرلئے۔ 
ادارہ فکروخبر نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے ان طلباء وطالبات اور ان کے اساتذہ کی خدمت میں مبارکبادی پیش کرتا ہے۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا