English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل میں امسال کی عید قرباں کیسے رہی!!؟

share with us

بھٹکل 03/اگست 2020(فکروخبر نیوز) بھٹکل میں عید الأضحی اس مرتبہ بھی پورے جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی، عیدکے یہ چاروں دن جہاں تکبیروں سے فضا گونج اٹھی وہیں اللہ کے حضور بھی بڑی تعداد میں جانور قربان کئے گئے۔ جبکہ اس سے قبل عید الأضحی کے تعلق سے لوگوں میں کافی تشویش تھی۔عید الفطر تو لاک ڈاؤن کی نذر ہوچکی اب عید قربان پر سنت ابراہیمی پر عمل کرنے کے لئے عوام بے چین تھے۔ اللہ تعالیٰ نے حالات کچھ ایسے سازگار بنائے جس سے لگ رہا ہے کہ وہ ہم جیسے گنہگار بندوں سے شاید راضی ہوگیا ہے، جس کا تحفہ ہمیں عید الأضحی منانے کی صورت میں ملا۔ اللہ کی اس نعمت پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے کہ اس نے عید کے یہ ایام کی حقیقی خوشیاں نصیب کیں اور لوگوں نے پورے جوش وخروش اورجذبہ تشکر کے ساتھ اس عید قرباں کو خوشیاں منائیں۔
  بھٹکل میں آج عید الأضحی کا آخری دن تھا اور آج بھی اکثر محلوں میں قربانی کا عمل انجام پایا۔ ان چار روز تک ہونے والی قربانی پورے اطمینان اور سکون کے ساتھ انجام دی گئی۔ جماعت المسلمین اور تنظیم کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عوام نے حتی الامکان عمل کرنے کی کوشش کی۔ سب سے بڑی بات یہ رہی کہ کسی کے عمل کی وجہ سے کسی بھی پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 
اس مرتبہ بھٹکل میں بڑے جانوروں کے مقابلہ بکروں کی قربانی زیادہ ہوئی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کو بھی ملحوظ رکھاگیا۔ ان سب کے درمیان کہیں نہ کہیں کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں میں ایک طرح خوف کا ماحول رہا۔ عمر رسیدہ افراد جہاں جانوروں کی قربانی کے عمل کے وقت شرکت نہیں کرسکے وہیں بچے بھی اس کے لئے ایک جگہ سے دوسرے جگہ نہیں جاسکے۔ عام طور پر بھٹکل میں دیکھا جاتا ہے کہ قربانی کا عمل دیکھنے کے لئے بھی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں اور بچے بھی اس خوشی میں شرکت کے لئے ایک محلہ سے دوسرے محلہ کا چکر کاٹتے ہیں لیکن اس مرتبہ یہ منظر بھٹکل میں عمومی طورپر نظر نہیں آیا۔ 
اجتماعی قربانی کے انتظامات محدود پیمانے پر کئے گئے تھے۔ چند ایک نے بکروں کی خریداری کرکے وہیں پر ذبح کرنے کو ترجیح دی اور پھر وہیں سے گوشت کی تقسیم بھی ہوئی۔ 
بھٹکل میں قائم مختلف اداروں کو جانوروں کے چمڑے عطیہ کئے جاتے تھے لیکن اس مرتبہ چمڑے کی کوئی قیمت نہ ہونے کی وجہ سے فضلہ جات سمیت چمڑے جمع کرنے کی بھی ذمہ داری اس مرتبہ الہلال اسپورٹس سینٹر کو دی گئی جنہوں نے بہت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ اس کام کو انجام دیا۔عید کے ان چار دنوں میں جہاں بھٹکل کی پوری عوام خوشیاں منانے اور بانٹنے میں مصروف رہتی ہے ایسے میں اس کام کے لئے فارغ ہونے پر ان کی جتنی بھی ہمت افزائی کی جائے کم ہے۔ فضلہ جات اٹھانے والوں سے لے کر ان کے پیچھے کام کرنے والے جملہ افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا