English   /   Kannada   /   Nawayathi

متحدہ عرب امارات میں مساجد کے حوالے سے اچھی خبر سُنا دی گئی

share with us

دُبئی03اگست 2020(فکروخبر/ذرائع) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے کیسز زیادہ ہونے کے باعث چند ماہ قبل تمام مساجد اور عبادت گاہیں مکمل بند کر دی گئی تھیں، بعد میں مساجد سمیت تمام عبادت گاہیں کھول دی گئیں تاہم ان میں کُل گنجائش کے صرف 30 فیصد عبادت گزاروں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ آج کے روز سے مساجد میں نمازیوں کی گنجائش بڑھانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اماراتی حکام کے مطابق تمام مساجد میں اب کُل گنجائش کے 50 فیصد افراد کو داخلے اور عبادت کی اجازت ہو گی۔ اس دوران کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کرنا ہو گا۔ عید الاضحی کی چار تعطیلات کے دوران ملک بھر کی تمام مساجد بند رکھی گئی تھیں، جو آج کھولی گئی ہیں اور ان میں افراد کی گنجائش بھی بڑھا دی گئی ہے۔

اس سے قبل کئی ماہ کی بندش کے بعد یکم جولائی کو مساجد کھول دی گئیں، مگر کُل گنجائش کے صرف 30 فیصد افراد کو داخلے کی گنجائش تھی۔

نمازیوں کے دوران تین میٹر کا فاصلہ رکھنا لازمی تھا۔ آج کے روز سے نمازیوں کا درمیانی فاصلہ گھٹا کر 2 میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ فجر سے لے کر عشاء تک کی تمام اذانوں اور جماعت کے دوران دس منٹ کا وقفہ ہو گا، تاہم مغرب کی نماز اور جماعت کے درمیان صرف پانچ منٹ کا وقفہ مقرر کیا گیا ہے۔ آج کے روز سے لاگو ہونے والی نئی گائیڈ لائنز کا اعلان جولائی کے مہینے میں ہی ایک آن لائن پریس بریفنگ کے دوران کیا گیا تھا۔

اماراتی حکومت نے تمام عبادت گزاروں کو تاکید کی ہے کہ وہ خود کو اور دوسروں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے مساجد میں احتیاطی گائیڈ لائنز پر پوری طرح عمل کریں۔ تمام وقت ماسک پہن کر رکھیں، مساجد میں نماز کے لیے گھر سے جائے نماز ساتھ لائیں۔ وضو بھی گھر سے کر کے آئیں۔ بزرگ، بچے اور مختلف امراض میں مبتلا افراد نمازیں گھر پر ہی ادا کریں تو بہتر رہے گا۔ 

(اُردو پوائنٹ)

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا