English   /   Kannada   /   Nawayathi

عشرہ ذی الحجہ کی فضیلت اور قربانی کے فضائل اور مسائل پر شعبہ تبلیغ جماعت المسلمین کا اجلاس : ویڈیو

share with us

بھٹکل26/ جولائی 2020(فکروخبر نیوز)عید الأضحی کے ایام کی مناسبت سے شعبہئ تبلیغ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے جماعت کے دفتر میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء کرام نے ذی الحجہ کے ابتدائی دس دن کی فضیلت کے ساتھ ساتھ ایامِ تشریق کے فضائل بیان کئے۔ 
امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے ذی الحجہ کے ابتدائی  دس دن کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان ایام میں اللہ تعالیٰ کو کثرت سے یاد کیا جائے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ان ایام میں اچھے اعمال کے کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ان ایام میں اللہ تعالیٰ کو اچھے اعمال جتنے پسند ہے دوسرے دنوں میں اس کی وہ اہمیت نہیں ہے۔ مولانا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ذی الحجہ کا مہینہ اسلامی مہینوں میں سب سے آخری مہینہ ہے اور اس مہینے میں جتنے اعمال کئے جاتے ہیں وہ دوسرے ایام میں نہیں کئے جاتے، چنانچہ آپ دیکھئے کہ ان ایام میں روزہ، صدقہ وخیرات، حج اور قربانی کے اعمال خصوصیت کے ساتھ کئے جاتے ہیں جن میں سے حج اور قربانی کا عمل دوسرے ایام میں نہیں کیا جاسکتا۔ مولانا نے کہا کہ جس وبا کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی طرف جس طرح متوجہ ہونا چاہیے وہ ہم سے نہیں ہورہا ہے اس کی طرف ہمیں زیادہ متوجہ ہونے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے یوم عرفہ کے روزے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے اس روزے کا بھی اہتمام کرنے کی تاکید کی۔ 
مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے قربانی کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایک غلط فہمی کا ازالہ بھی کیا۔ مولانا نے کہا عام طور پر یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ قربانی کے لئے خرچ کی جانے والی رقم کو موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے دوسرے کاموں میں خرچ کیے جانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ اصل میں جو لوگ اس طرح سوچ رہے ہیں وہ بھی خیرخواہی کو ہی مدنظر رکھ رہے ہیں لیکن ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک جن ایام میں جن اعمال کے کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے وہ اپنی جگہ مسلم ہوتی ہے اور کوئی دوسرا عمل اس کا بدل نہیں ہوسکتا۔ 
مولانا نے کہا کہ عرفہ کے دن  ذبح کی صورت میں صدقہ کیا جاتا ہے اس کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ذبح کے جو ایام مختص کئے ہیں وہ ایامِ تشریق ہیں۔ ان ایام میں خون بہانا زیادہ افضل ہے اوریہ بات بھی ہمیں معلوم ہونی چاہیے کہ صدقہ کی فضیلت صرف عرفہ کے دن کے ساتھ خاص نہیں ہے بلکہ ان دس دنوں میں آدمی جب چاہے صدقہ کرسکتا ہے۔ مولانا نے قربانی کے جانوروں کا احترام کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ان جانوروں کا شمار شعائرمیں کیا جاتا ہے، حتی کہ زمانہئ جاہلیت میں بھی ان کا احترام ملحوظ رکھا جاتاتھا۔ لہذا ہمیں قربانی کے وقت خصوصاً ان باتوں کا زیادہ اہتمام کرنا چاہیے اور شور شرابہ سے گریز کرتے ہوئے اس عمل کو پورے اخلاص کے ساتھ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ 
نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب صاحب ندوی نے کہا کہ اونٹ، گائے، بیل کی قربانی میں سات افراد کوشامل کیا جاسکتا ہے جبکہ بکرے اور مینڈھے کی قربانی ایک شخص کی جانب سے ادا ہوگی، اسی طرح انہوں نے قربانی کے مختلف فقہی احکامات بیان کئے۔
نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی نے ان ایام میں زیادہ سے زیادہ تکبیر کہنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ 
استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد انصار خطیب ندوی نے ہدایات پڑھ کر سنائی 
شعبہئ تبلیغ کے کنوینر مولانا اسامہ صدیقی ندوی نے شعبہ کا مختصر تعارف کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ کے تحت دعوت کی ذمہ داری ادا کی جاتی ہے اور منکرات سے لوگوں کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔پورے شہر میں اس کے پانچ حلقہ ہیں۔ مولانا عبدالباری صاحب ندوی رحمۃ اللہ نے اس کام کو بہت آگے بڑھایا اور اس کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 


 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا