English   /   Kannada   /   Nawayathi

تعزیتی قرار داد بر وفات چیف قاضی جماعت المسلمین و صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل حضرت مولانا اقبال صاحب ندوی رحمة الله عليه : منجانب : جماعت المسلمین منکی

share with us

بھٹکل : 16جولائی 2020(فکروخبر)یوں دنیا میں آنے کو بہت آتے ہیں اور اپنی اجل پوری فرما کر دار فانی سے دار بقا کو کوچ کر جاتے ہیں ، لیکن ان میں کچھ ایسے جیالے بھی ہوتے ہیں جو " مدتوں رویا کریں گے جام و پیمانہ تجھے "  کے مصداق ہوتے ہیں ، انہی دانا و فرزانہ افراد میں ہمارے محترم قاضی شہر حضرت مولانا اقبال صاحب ملا ندوی رحمة الله عليه کا نام نامی بھی جلی حروف میں لکھنے کے قابل ہے ، آپ کی شخصیت نہ صرف اہلیان بھٹکل کے لئے نعمت خداوندی کا عظیم مظہر تھی بلکہ قرب و جوار اور تقویم صلاة کی نمایاں خدمات کی وجہ سے ملک بھر میں معروف و مشہور تھی ۔ 
حضرت والا مختلف صفات کے حامل تھے آپ کی علمی و عملی پختگی اسلاف کی یاد گار تھی تو آپ کا تواضع اور خاکساری ہمنشینوں اور ہمعصروں کے لئے بہترین نمونہ ، آپ قناعت اور سادگی کی اعلی مثال تھے ، جماعت المسلمین منکی اور مدرسہ رحمانیہ منکی جب بھی آپ کو کسی چھوٹے بڑے پروگراموں میں مدعو کرتے تو آپ لبیک کہہ کر وقت مقررہ پر حاضر ہوتے ، اور اپنی قیمتی نصائح اور مفید مشوروں سے نوازتے ، کئی ایک پیچیدہ مسائل کو حل کرنے میں بھی آپ کا تعاون حاصل رہا ہے ، میت کو غسل دینے اور تجہیز و تکفین کے کام کو شریعت کے مطابق انجام دینے کی آپ کو بڑی فکر دامن گیر رہتی،  اس کے لئے آپ اپنے شاگردوں اور نوجوانوں میں اس کی عملی مشق کرواتے ، اس کی ایک کامیاب نشست ہمارے قصبہ منکی میں بھی منعقد ہوئی تھی جس سے نوجوان بڑے متاثر ہوئے تھے  ، بہر حال مولانا کی ذات گرامی مختلف النوع صفات کی حامل تھی ہر فرد اپنے اپنے ذوق کے مطابق ان سے مستفید ہوتا تھا ، نصف صدی سے زائد عرصہ تک یہ علم و ادب کا روشن قندیل اپنی روشنی بانٹتا رہا ، بالآخر  زندگی بھر کا یہ  تھکا مسافر جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی مسند صدارت اور جماعت المسلمین بھٹکل کی مسند قضاءت کے ساتھ ساتھ پوری قوم نوائط بلکہ پوری ملت اسلامیہ ہندیہ کو سوگوار چھوڑ گیا ۔ 
آپ کی وفات حسرت آیات پر منکی کے دونوں مرکزی ادارے جماعت المسلمین منکی اور مدرسہ رحمانیہ منکی اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تمام اہل خانہ کی تعزیت کرتے ہیں، بارگاہ یزدی میں دعا گو ہیں کہ اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے،  آپ کی خدمات کو قبول فرما کر باعث اجر و ثواب بنائے ۔ آمین 
شریک غم 
صدر و سکریٹری جماعت المسلمین ، ناظم اعلی و مہتمم مدرسہ رحمانیہ منکی

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا