English   /   Kannada   /   Nawayathi

شرجیل عثمانی کی گرفتاری : عالمی تنظیموں نے کیا رہائی کا مطالبہ

share with us

: 13جولائی 2020(فکروخبر/ذرائع)شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف جمہوری طریقے سے کئے گئے احتجاج میں شرکت کرنے اور ان میں کلیدی رول ادا کرنے کی بنا پر شرجیل عثمانی کی گرفتاری کے خلاف عالمی سطح پر صدائے ا حتجاج بلند ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا اور خاص طور سے ٹویٹر پر شرجیل عثمانی کی گرفتاری کے خلاف تحریک اور ان کی رہائی کے مطالبوں کے بیچ برطانیہ میں لیبر پارٹی کی حقوق انسانی کی تنظیم نے بھی شرجیل کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ غیر قانونی طریقے سے کی گئی گرفتاری پر مذکورہ تنظیم نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’حقوق انسانی کے رضاکار شرجیل عثمانی کو اعظم گڑھ میں ۵؍ انجان لوگوں نےحراست میں لیا ہے۔ اس تعلق سے آنے والی تفصیلات تشویشناک ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ شرجیل عثمانی کو سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس والوں نے رات کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں لیا تھا اور کئی گھنٹے تک ان کے اہل خانہ کو بھی یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ کہاں رکھے گئے ہیں اور انہیں اپنے ساتھ لے جانے والے لوگ کون تھے۔ بہرحال بعد میں جب شرجیل کو کورٹ میں پیش کیا گیا تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اغوا کرنے کی طرز پر انہیں یوپی پولیس کے اہلکار گرفتار کرکے لے گئے تھے۔ الزام ہے کہ کئی گھنٹے تک شرجیل کو غیر قانونی حراست میں بھی رکھا گیا۔
اس تعلق سے انڈین امریکن مسلم کونسل (آئی اے ایم سی) نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آئی اے ایم سی شرجیل عثمانی کی من مانی اور غیر قانونی طریقے سے کی گئی گرفتاری کی مذمت کرتی ہے۔‘‘ ساتھ ہی تنظیم نے یوپی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ شرجیل کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان پر عائد کئے گئے تمام فرضی الزامات واپس لئے جائیں ۔ اس بیچ سوشل میڈیا پر شرجیل کی حمایت میں تحریک جاری ہے جبکہ مکتوب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ان کی رہائی کے مطالبے کیلئے شروع کئے گئے آن لائن پٹیشن پر بھی بڑی تعداد میں لوگ شامل ہورہے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا