English   /   Kannada   /   Nawayathi

دارالعلوم وقف دیوبند میں امسال نہیں ہوں گے جدید داخلے ! نئے تعلیمی سال کے متعلق مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے جاری کی ضروری ہدایات

share with us

دیوبند:04 جون2020(فکروخبر/ذرائع)عظیم دینی دانش گاہ دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے لئے اعلان جاری کرکے طلبہ کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔ ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کی جانب سے جاری اعلا ن میں انہوں نے کہاکہ عالمی وباء کوروناوائرس کے تناظر میں ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں ہوئی تخفیف اور رعایت کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کے آثار بھی بہ ظاہر مفتو ح ہوتے نظرآرہے ہیں، جس کی بناء پر امید کی جارہی ہیکہ جلد ہی مدارس میں بھی تعلیمی سلسلہ کاآغاز ہوجائے گا، انشاء اللہ۔چنانچہ اسی پس منظر میں دارالعلوم وقف دیوبندنے تعلیمی سال نوکیلئے اپنی سرگر میوں کے تعلق سے سردست یہ لائحہ عمل طے کیا ہیکہ حسب فیصلہء سابق کسی بھی جماعت میں جدید داخلے نہیں ہوں گے، قدیم طلبہ کیلئے یہ طے پایا ہیکہ تمام جماعتوں بشمول تکمیلات وتخصصات میں امتحان ششماہی کے نمبرات ہی امتحان سالانہ میں محسوب ہوں گے، البتہ از اعدادیہ تا دورۂ حدیث شریف بشمول شعبہ تجوید جن کتابوں کا ششماہی امتحان ہوچکاہے ان کتب کے علاوہ مابقیہ کتب کا امتحان مؤرخہ 8، اگست 2020 بمطابق 17/ذی الحجہ 1441ھ بروز ہفتہ سے ہوگا، جسکی تفصیلات عنقریب ہی نشر کردی جائیں گی نیز بعد امتحان متصلا تعلیم کا آغاز کردیا جائے گا۔ انشاء اللہ۔ واضح رہے کہ تکمیلات وتخصصات کے کسی بھی شعبہ کا امتحان نہیں ہوگا بلکہ امتحان ششماہی کے نمبرات ہی امتحان سالانہ میں محسوب ہوں گے، اسلئے تکمیلات وتخصصات کے طلبہ امتحان کیلئے سفر نہ کریں، البتہ اگرکسی ایک شعبہ سے دوسرے شعبہ میں یا دورۂ حدیث سے تکمیل وتخصص کے کسی شعبہ میں داخلہ کے متمنی ہوں تو وہ حسب ضابطہ داخلہ کے مجاز ہوں گے، جن کی تفصیلات بھی جلد ہی نشر کردی جائے گی۔مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہا کہ متغیر وغیریقینی احوال کی صورت میں اگر مذکورہ بالا نظام میں کسی طرح کی تبدیلی واقع ہوتی ہے تو بذریعہ اعلان اس کی اطلاع کردی جائے گی، اسلئے طلبہ ادارہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات اوراعلانات کی جانب متوجہ رہیں۔

ملت ٹائمز 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا