English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاجر مزدوروں کی گھرواپسی معاملہ میں ریلوے کی لاپرواہی ،کانگریس نے وزیر ریل کے استعفی کا مطالبہ کیا

share with us

نئی دہلی:04 جون2020(فکروخبر/ذرائع) کانگریس نے آج کہا کہ وزارت ریلوے مہاجر مزدوروں کو اپنے گھر پہنچانے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے لاپرواہی سے کام کررہی ہے اور مزدوروں کو دی جانے والی سہولیات پر جھوٹ بولا جارہا ہے، لہذا وزیر ریلوے پیوش گوئل کو فورا استعفیٰ دینا چاہئے، بصورت دیگر انہیں برخاست کردیا جائے۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت بار بار یہ کہہ رہی ہے کہ مزدوروں کو مفت سفر کی سہولت دے کر گھر پہنچایا گیا ہے جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ 85 فیصد سبسڈی دے کر مزدوروں کو اپنے گھر پہنچایا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کے وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈران ٹی وی چینلوں پر ایسی ہی سبسڈی دینے کا دعویٰ کرتے رہے ہیں۔

کانگریس ترجمان نے اس کو مہاجر مزدوروں کے ساتھ وحشیانہ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر مسئلے پر جھوٹ بول رہی ہے اور وزیر ریلوے کی بد انتظامی سب کے سامنے ہے، لہذا وزیر اعظم نریندر مودی کو انہیں فوری طور پر برخاست کرنا چاہئے یا خود انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان مزدور اسپیشل ٹرینوں کے سفرکے دوران 81 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور مظفر پور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر فوت ہونے والی خاتون کے لواحقین کے بیانات سے مزدور مسافروں کی پریشانیوں کا پتہ چلتا ہے جنہوں نے کہا ہے کہ وہ خاتون بیماری کی وجہ سے نہیں بلکہ سفر میں پریشانیوں کی وجہ سے مر گئی ہے۔

منوسنگھوی نے کہا کہ ریلوے میں افراتفری کا عالم یہ ہے کہ حکومت اس سلسلے میں غلط اعداد و شمار پیش کررہی ہے۔ اس عرصے میں حکومت کے ذریعہ مزدوروں کو گھر پہنچانے کے لئے 3740 اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں، لیکن ان میں سے 40 فیصد گاڑیاں آٹھ گھنٹے تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچ پائیں اور 421 گاڑیاں دس گھنٹے تاخیر سے پہنچیں۔ اس کے علاوہ 10 فیصد ٹرینیں 12 گھنٹے تاخیر سے آئی ہیں ۔ ان کے علاوہ 78 گاڑیاں ایک دن سے زیادہ تاخیر سے جبکہ 43 گاڑیاں ڈیڑھ دن کی تاخیر سے پہنچی ہيں۔ اس سچائی کو حکومت نے چھپائی ہے اور ٹرینیں مکمل لاپرواہی اور افراتفری سے چلائی گئی ہیں۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ اسپیشل ٹرینوں میں سفر کے لئے مہاجرمزدوروں سے کچھ نہیں لیا گیا جبکہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ ان سے اضافی رقم وصول کی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ٹرینوں میں سفر کے لئے مزدوروں سے پیسہ نہیں لیا جانا چاہئے اور حکومت دعوی کررہی ہے کہ انہیں مفت پانی کی بوتلیں اور کھانا دیا جارہا ہے۔ مگر حکومت کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہوچکے ہيں۔ اسلئے ان پریشان کن حقائق کو دیکھتے ہوئے وزیر ریلوے کو برخاست کیا جائے یا انہیں از خودمستعفی ہوجانا چاہئے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا