English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا وائرس کے ضمن میں بھٹکل تنظیم کی ضروری ہدایات ، مساجد کو عوام کے لئے کھولنے کے تعلق سے جلد ہی جاری کئے جائیں گے اہم نکات

share with us

بھٹکل: یکم جون 2020(فکروخبرنیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے تناظر میں کئی مرتبہ ضروری ہدایات جاری کرکے عوام الناس کو لاک ڈاؤن کے سرکاری اصول اور کورونا وائرس بیماری سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے جس سے نہ صرف اہلیانِ بھٹکل کو فائدہ ہورہا ہے بلکہ مضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ جن جن کے نظروں کے سامنے یہ ضروری ہدایات گذرتی ہیں وہ بھی ان اصولوں پر کاربند ہونے کا عزم کرلیتا ہے اور اس بیماری سے خود کو اور دوسروں کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ 

تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی نے کورونا وائرس کے ضمن میں ضروری ہدایات جاری کرکے عوام الناس کو اس پر عمل کرنے کی گذارش کی ہے ۔ ہدایات کے آخر میں درج ہے کہ کچھ دنوں میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لئے مساجد کھول دی جائیں گی.  محترم قاضی صاحبان اور علماء کرام سے مشورہ کے بعد مصلیوں کے لئے اس ضمن میں ضروری ھدایات جاری کی جائیں گی۔

 کورونا وائرس کے ضمن میں ضروری ھدایات

کورونا وائرس(covid - 19) کے اس وبائی مرض سے اب تک دنیا بھر میں کم و بیش چار لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں  اور عالمی صورتحال اس وقت یہ ہے کہ اس بیماری سے متاثرین کی تعداد دنیا بھر میں62  لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہمارے ملک میں اس مرض سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور مجموعی طور پر ملک میں  یہ تعداد ایک لاکھ اسی ہزار تک پہنچ چکی ہے 

ہمارے شہر میں بھی گذشتہ کم و بیش ڈھائی مہینہ کے دوران پوزیٹیو کیسس کے پائے جانے کی وجہ سے جن کٹھن، صبر آزما اور تکلیف دہ حالات سے ہمیں گزرنا پڑا اس سے ہم اور آپ سبھی بخوبی واقف ہیں. 

چونکہ ہمارے ملک میں مرکزی اور ریاستی  حکومتوں کی طرف سے بھی(covid -19)  بیماری سے متعلق ( protocol ) ضابطوں میں بھی وقتاً فوقتاً تبدیلی ہوتی رہتی ہے اور اب وسائل کی کمی اور اس موذی مرض کی موجودہ بے قابو ہوتی ہوئی صورتحال  کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے یہ اہم ہدایات جاری کی جارہی ہیں کہ ہر ہر علاقہ، محلہ اور وارڈ کے ذمہ دار افراد اور مقامی تنظیمیں اپنے اپنے علاقوں میں اس مرض کو قابو میں رکھنے اور اس کی روک تھام کےلئے ہر ممکنہ تدابیر اختیار کریں، جس میں ایک اہم کام سوشل رپورٹنگ کا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ سوسائٹی میں اگر کسی بھی فرد کے اندر یا اس کے خاندان کے افراد میں  کسی کو بخار، سر درد، کھانسی، اور سانس لینے میں تکلیف جیسی علامات اور بیماری کے اثرات پائے جاتے ہوں تو ایسے شخص کی طبی جانچ کروانے کا اہتمام کیا جائے.

 چونکہ عام سردی بخار کے اثرات اور کورونا وائرس کی علامات ( symptoms ) ایک جیسے ہیں لہذا کورونا وائرس کا کوئی اندیشہ اور گمان نہ ہونے پر بھی وہ خوف و ہراس اور شک و شبہ میں جینے کے بجائے ان بیماریوں سے متعلق فوری طور پر رپورٹ اور جانکاری محکمہ صحت کو فراہم کریں تاکہ ہمارے اس چھوٹے سے احتیاطی قدم سے نہ صرف ہم اپنے اور اپنے  اہل خاندان کو بلکہ اپنے اطراف کے لوگوں، پوری سوسائٹی اور شہر بھٹکل کو اس وبائی مرض کے مہلک و مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوسکیں.

یاد رکھئے کہ اس سلسلے میں ہم میں سے کسی ایک فرد کی بھی ذرا سی بے احتیاطی و غفلت ہمیں دوبارہ پھر ایک مرتبہ کٹھن مراحل سے دوچار کر سکتی ہے    اللھم احفظنا 

 اب لاک ڈاؤن میں ڈھیل کے بعد ریاستی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بیرون بھٹکل میں مقیم  بھٹکلی افراد کے بھٹکل لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور حکومت کے موجودہ ضابطہ کے مطابق اندرون ھند سے آنے والے تمام افراد کو بھٹکل پہنچنے کے بعد اپنے اپنے گھروں میں 14 دنوں تک کورنٹائن کرنا یعنی اپنے آپ کو گھروں میں محدود ومقید رکھنا لازمی ہے اس مقصد کے تحت مجلس اصلاح وتنظیم کی انتظامیہ کے اجلاس منعقدہ مورخہ 31 مئی 2020  میں طے پایا ہے کہ شہر کے ہر علاقے کی مسجد کمیٹی کے ذریعے اپنے اپنے علاقوں میں سوشل رپورٹنگ کے اس اہم اور ضروری کے کام کو انجام دیا جائے جس میں مساجد کے ذمہ داران کے علاوہ حلقے کے تنظیم اراکین انتظامیہ، حلقے کے میونسپل کونسلرز  و پنچایت ممبران، حلقے کے اسپورٹس سینٹرز کے ذمہ داران کا بھی  مکمل تعاون حاصل کیا جائے تاکہ مندرجہ ذیل ہدایات پر مشتمل اس بیداری مہم کے ذریعے اس مرض کو ہم اپنے علاقے میں کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوسکیں.

مجلس اصلاح وتنظیم اپنے اپنے علاقے کے تمام مندرجہ بالا ذمہ داران سے گزارش کرتی ہے کہ  مسجد کمیٹی کے ساتھ مربوط رہ کر اس مہم کو کامیاب بنانے میں ہمارا تعاون کریں. 

1) بیرون بھٹکل کسی بھی علاقے سے بھٹکل پہنچنے والے تمام افراد بھٹکل کے محکمہ صحت  تعلقہ گورنمنٹ ہسپتال جا کر بھٹکل آنے کی رپورٹنگ کریں نیز محلہ کمیٹی کے ذمہ داراں، تنظیم کے اراکین انتظامیہ، منسپل کونسلرز، پنچایت ممبران، اسپورٹس سنٹروں کی ذمہ داران میں سے کسی کو اس کی اطلاع دیں. 

2) بھٹکل پہنچنے کے بعد 14 دنوں تک اپنے مکان سے باہر نہ نکلیں گھر پر ہی رہیں نمازیں بھی اپنے گھروں میں ہی ادا کریں. نیز سردی، کھانسی، بخار یا سانس لینے میں دشواری وغیرہ جیسی علامات اپنے اندر پائی جائیں تو گورنمنٹ ہاسپٹل جا کر چیک آپ کروائیں 

3) کوئی بھی شخص بغیر کسی ضرورت کے گھر سے باہر نہ نکلے اور بوقت ضرورت گھر سے باہر نکلتے وقت منہ پر ماسک ضرور پہن لیں. اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن وغیرہ سے دھونے کی عادت ڈالیں. اپنے منہ، ناک اور آنکھوں پر بار بار ہاتھ پھیرنے سے گریز کریں.

 وباء کے ان ایام میں  زیادہ افراد ایک جگہ جمع ہونے سے گریز کریں. تفریحی مقامات پر جانے سے مکمل طور پر اجتناب کریں 

4) ٹووہیلر سواریوں میں دو افراد سے زیادہ بالکل نہ بیٹھیں محکمہ پولیس نے (triple ride) کی صورت میں بغیر کسی پس وپیش کے کیس بک کرنے کی تنبیہ کی ہے لہذا اس طرح کی قانون شکنی سے ہر طرح سے اجتناب کریں. 

ان ہدایات پر مکمل طور پر عمل کیا گیا تو انشاءاللہ اس وباء کے پھیلاؤ کو روکنے میں ضرور مدد ملے گی. 

الحمدللہ بڑی خوشی و مسرت کی بات ہے کہ انشاءاللہ آئندہ کچھ دنوں میں باجماعت نماز کی ادائیگی کے لئے مساجد کھول دی جائیں گی.  محترم قاضی صاحبان اور علماء کرام سے مشورہ کے بعد مصلیوں کے لئے اس ضمن میں ضروری ھدایات جاری کی جائیں گی 

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس موذی مرض سے ہم سب  کی حفاظت فرمائے آمین

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا