English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل میں لاک ڈاؤن کھلتے ہی سڑکوں پر نظر آئی چہل پہل، لاک ڈاؤن کھلنے سے زیادہ کورونا مریض کے تیزی سے صحتیاب ہونے سے عوام کو ہورہی ہے خوشی 

share with us

بھٹکل 29/ مئی 2020(فکروخبر نیوز) گذشتہ دو ماہ سے زائد مدت سے بھٹکل میں مکمل لاک ڈاؤن کے بعد آج صبح آٹھ بجے سے دو بجے تک کچھ نرمی برتی گئی اور لوگوں کو چہل پہل کی اجازت دی گئی۔ کل ایس پی شیوا پرکاش نے پریس کانفرنس میں یہ خبر دینے کے بعد ہی لوگوں میں خوشی دیکھی گئی اور یہ حقیقت ہے کہ ایک لمبی مدت بعد لاک ڈاؤن کا کھلنا اہلیانِ بھٹکل سے ایک بڑی خوشی سے کم نہ تھا۔ آج صبح آٹھ بجے ہی سے بلاخوف لوگ اپنی ضروریات کی خریداری کے لئے نکلے۔ پرانے بھٹکل کی بات کریں تو یہاں سب سے زیادہ تعداد مچھلیاں خریدنے کے لئے دیکھی گئی۔ اس کے بعد ہارڈ ویر اور ترکاری مارکیٹ میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نظر آئی۔ شمس الدین سرکل پر آج چہل پہل سے بھٹکل کی رونق لوٹ آئی ہے۔دوماہ سے زائد مدت میں پہلی بار اتنی تعداد میں دو پہیہ والی گاڑیاں سڑکوں پر دوڑتی ہوئی نظر آئیں۔ بھٹکل میں کورونا کے معاملات سامنے آنے کے بعد پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا اور پورے علاقہ کو سیل کردیا گیا تھا۔ اس دوران آمدورفت پر مکمل پابندی تھی اورباہر نکلنے پر پولیس کی جانب سے سخت پوچھ تاچھ بھی کی جارہی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کا باہر نکلنا دشوار تھا۔ آج لاک ڈاؤن کے کھلنے کے دن بھی پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا جو حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے۔ پولیس بھی سماجی دوری برقرار رکھنے کی تاکید کرتے اور بغیر ماسک پہنے لوگوں کو وارننگ دیتے نظر آئے۔ 
    واضح رہے کہ ایس پی کے مطابق آج سے 31مئی تک بھٹکل میں اشیاء ضروریہ کی دکانیں ہی کھلیں گی جبکہ یکم جون سے بقیہ دکانوں کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی۔ 8جون تک صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک لوگوں کو باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، اس دوران ماسک پہننا اور معاشرتی دوری برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔
بھٹکل کی عوام کو لاک ڈاؤن کھلنے سے زیادہ اس بات سے خوشی ہورہی ہے کہ یہاں کے جملہ مریض تیزی کے ساتھ صحتیاب ہورہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ بقیہ مریض بھی جلد صحتیاب ہوکر بھٹکل پہنچیں گے۔ فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے کئی لوگوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ لاک ڈاؤن عوام کے فائدہ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔ ایک کے بعد ایک کورونا معاملات سامنے آنے کے بعد عوام میں صحت کے تعلق سے کافی تشویش پائی جارہی ہے لیکن مکمل لاک ڈاؤن، محکمہئ پولیس، تعلقہ انتظامیہ اور عوامی تعاون سے اس مرض پر قابو میں مدد ملی، انتظامیہ کی جانب سے جاری گائیڈ لائن پر مکمل طور پر عمل کرنے سے مزید اس پر قابو میں مدد ملے گی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا