English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن ۱۴؍ اپریل کے بعد مرحلہ وار طریقے سے ہٹانے پرغور

share with us

05 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع)مہاراشٹر وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے اس انتباہ کے بعد کہ ریاست میں لاک ڈاؤن ہٹانے کاانحصار اس بات پر ہوگا کہ عوام کورونا سےنمٹنے کیلئے حکومت کی ہدایات پر کتنا علم کرتے ہیں، وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت مہاراشٹر سے مرحلہ وار طریقے سے لاک ڈاؤن ہٹانے پر غور کررہی ہے۔ اس بیچ مہاراشٹر میں سنیچر کو مریضوں  کی تعداد   ۶۰۰؍ کے قریب پہنچ گئی۔ صبح کے وقت ریاستی حکومت نے  ریاست میں ۵۳۷؍  معاملات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاتھا کہ  جمعہ سے سنیچر تک ۴۷؍ نئے مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے ۲۸؍ ممبئی اوراس کے اطراف سے ہے تاہم شام کو  بی ایم سی  نے ممبئی میں ۵۲؍ مریضوں کی تصدیق کی جس کے بعد ریاست میں  مریضوں کی مجموعی تعداد  ۶؍ سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔ 
وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کا انتباہ
  وزرائے اعلیٰ  کے ساتھ میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی  نے گفتگو کے دوران اشارہ دیاتھا کہ مرکزی حکومت  ۱۴؍ اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع نہیں کریگی بلکہ  اسے جزوی طور پر ہٹالے گی۔ ٹرینوں اور پروازوں کے ٹکٹ بھی بک ہونے لگے ہیں جس کی وجہ سے  اس بات کو تقویت حاصل ہوئی ہے کہ ملک گیر لاک ڈاؤن میں ۱۴؍ اپریل کے بعد نرمی برتی جائے گی۔ تاہم متاثرہ علاقوں  میں لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کے اشاروں  کے پیش نظر مہاراشٹر کے عوام ان قیاس آرائیوں  میں مصروف ہیں کہ انہیں لاک ڈاؤن سے راحت ملے گی یا نہیں۔ اس سلسلے میں ریاست کے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے سنیچر کو متنبہ کیا ہے کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ عوام کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کی ہدایات پر کتنی سنجیدگی سے عمل کرتےہیں۔  انہوں نے اپیل کی کہ ’’براہ مہربانی  لاک ڈاؤن کے دوران ڈسپلن اور سماجی دوری کے احکامات کی پاسداری کریں۔ یہ صرف اس لئے ہے کہ میں آپ کو بچانا چاہتا ہوں۔ گھر پر رہیں اور نرمی کا غیر ضروری فائدہ نہ اٹھائیں۔‘‘
فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کو وزیراعلیٰ کا انتباہ
  وزیراعلیٰ اُدھوٹھاکرے نےا س کے ساتھ ہی ان عناصر کو بھی متنبہ کیا ہے جو کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیاپر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کررہےہیں۔ انہوں نے کہ سماجی دوریوں کو برقرار رکھنے کیلئے اگلے حکم تک ریاست میں کسی بھی طرح کی مذہبی تقریبات کی اجازت نہیں دی جائےگی۔  انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس  سےنمٹنے کا واحد موثر ذریعہ یہ ہے کہ عوام گھروں پر رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کورونا وائرس ہمارے صبر کا امتحان لے رہا ہے۔ ریاست کے عوام میں عزم وحوصلہ اور ڈسپلن کی کوئی کمی نہیں ہے۔‘‘انہوں  نے کہا کہ ’’بحران کے اس مرحلے میں خود اعتمادی سب سے زیادہ ضروری ہے۔ میں خود اعتماد ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آپ میں بھی ہے۔ اگر آپ میں  خود اعتمادی ہے تو ہمیں  کامیاب ہونے سے کوئی نہیں  روک سکتا۔‘‘
 راجیش ٹوپے نے  لاک ڈاؤن مرحلہ وار  ہٹانے کا اشارہ دیا
 ا س بیچ وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ ’’اس بات پر غور وخوض ہورہاہے کہ کیا لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار طریقے سے ہٹایا جاسکتاہے۔ متاثرہ علاقوں میں سخت پابندیاں برقرار رہیں گی۔‘‘اس کے ساتھ ہی ریاستی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی قوت مدافعت کو بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اچھا کھایئے اور ورزش کیجئے۔‘‘ وزیر صحت نے لاک ڈاؤن ہٹانے کے سلسلے میں وزیر صحت نے کہا کہ ’’مرحلہ وار طریقے سے اس کے ہٹانے کی صورت میں تمام لوگوں کو ایک ساتھ سڑک پر نکلنے کی اجازت نہیں ملے گی۔‘‘ 
=

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا