English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 2179 ہو گئی: وزارت صحت

share with us

04 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع)وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 140 افراد کے ’کورونا‘ میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے ساتھ سعودی عرب میں ’کووڈ19‘ کے مریضوں کی تعداد 2179 تک پہنچ گئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبدالعالی نے یومیہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’ گزشتہ 24 گھنٹے میں 69 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے،  ’کووڈ 19‘ سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 420 ہو گئی ہے‘ اب تک ہونے والی ہلاکتوں کے سوال پر ڈاکٹر عبدالعالی کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں اب تک 29 افراد ہلاک ہوئے ہیں‘۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس میں مبتلا بیشتر مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے ،بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،وزارت صحت اورمملکت میں دیگراداروں کی مثالی حکمت عملی کارگرثابت ہورہی ہے جس کے مثبت اثرات بھی نمایاں ہو رہے ہیں‘۔
ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے جن احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا جارہا ہے ان پر سختی سے عمل کریں تاکہ جلد از جلد اس وبا پر قابو پایا جاسکے۔
کورونا کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالعالی کا کہنا تھا ’کورونا وائرس کے تحت ہلاک ہونے والوں کی میت کومکمل احترام سے غسل دینے کے بعد تمام طبی تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے تدفین کی جاتی ہے جس کےلیے تربیت یافتہ عملہ موجود ہے جوجملہ حفاظتی اقدامات مکمل کرتا ہے‘۔
واضح رہے ’کووڈ 19‘ سے بچاو کے لیے مملکت میں کرفیونافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو سماجی رابطوں سے دور رکھا جائے اس حوالے سے جدہ شہر کے7 علاقوں میں ہفتہ سہہ پہر 3 بجے سے تاحکم ثانی کرفیو کے اوقات میں توسیع کرتے ہوئے 24 گھنٹے کا کردیا گیا ہے اس دوران اشیائے خورونوش سپلائی کرنے والی گاڑیاں اوران شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد جنہیں کرفیو کے دوران خصوصی اجازت دی گئی تھی وہ حسب معمول اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
قبل ازیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا جاچکا ہے تاکہ لوگوں کو سماجی رابطوں سے دور رکھا جائے۔
دریں اثنا وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ہفتہ 4 اپریل کو ’کووڈ19 ‘ کے جن مزید مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سب سے زیادہ ریاض میں ہیں جن کی تعداد 66 ہے جبکہ جدہ میں 21، الھفوف میں 15، مکہ میں 9، القطیف میں 5، طائف میں 4، تبوک 5، الخبر، دمام ، ظھران اور مدینہ منورہ میں 2،2 ، ابھا ، خمیس مشیط ، جازان ، بریدہ ، الجبیل ، المجمعہ اور الدرعیہ میں ایک ایک مریض ہے

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا