English   /   Kannada   /   Nawayathi

پروازوں کے بعد ریلوے کے ٹکٹوں کی بکنگ بھی شروع

share with us

04 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع)خانگی ہوائی سفر کی ٹکٹوں کے بعد اب ٹرینوں کے بھی ۱۵؍ اپریل کے بعد کے ٹکٹوں  کی بکنگ کا سلسلہ شروع ہو جانے سے یہ امید بندھ گئی ہے کہ ۱۴؍ اپریل کو ۲۱؍ دن کےلاک ڈاؤن کی میعاد پوری ہونے پر سفری پابندیاں  ختم ہوجائیں گی۔ واضح رہے کہ اس طرح کی قیاس آرائیاں  کی جارہی تھیں کہ ۲۱؍ دن بعد لاک ڈاؤن میں  توسیع کی جاسکتی ہے تاہم مرکزی حکومت نےا س کی تردید کی ہے۔ جانکار ذرائع کے مطابق ۱۴؍ اپریل سے لاک ڈاؤن تو ہٹ سکتا ہے مگرچند جزوی پابندیاں  برقرار رہیں گے اور ایسے کچھ علاقوں میں  لاک ڈاؤن جیسی ہی صورتحال قائم رہ سکتی ہے جو کورونا سے بہت زیادہ متاثر ہیں ۔ واضح رہے کہ پہلے ہی سے شدید دباؤ کی شکار ملک کی معیشت کی کمر لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزید ٹوٹ رہی ہے اور حکومت خود اس سے باہر نکلنے کی حکمت عملی پر غور کررہی ہے۔
جزوی لاک ڈاؤن
  اس کا اشارہ جمعرات کو وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اپنی میٹنگ میں  وزیراعظم نریندر مودی بھی دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’لاک ڈاؤن کے خاتمے پر اس سے باہر آنے کی ایک مشترکہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آبادی مرحلہ وار طریقے سے باہر نکلے۔‘‘ انہوں   نے اس سلسلے میں  ریاستوں  کو غوروخوض کرنے اور مشورے دینے کیلئے کہاہے ۔ اس بیچ حکومت میں  کچھ علاقوں  میں  ’’جزوی لاک ڈاؤن‘‘ برقرار رکھنے پر اتفاق رائے بنتی نظر آرہی ہے۔ مگر ’جزوی ‘کو کس حد تک رکھا جائے گا اس کا انحصار حالات پر ہے ، خاص طور پر کورونا وائر س کے مختلف علاقوں  میں  پھیلنے کے رجحان کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا جاسکتاہے کہ کن علاقوں  میں  کون سی پابندیاں   برقرار رکھی جائیں ۔ 
مخصوص علاقوں پر نگاہ رکھنے کی حکمت عملی
  چونکہ یہ ممکن نہیں  ہے کہ ۱۴؍ اپریل تک ایسی صورتحال پیدا ہو کہ ملک میں کوروونا وائرس ’کووڈ-۱۹‘ کا  ایک بھی نیاکیس سامنے نہ آئے اس لئے اس کے پھیلاؤ کورو کنے کیلئے مخصوص علاقوں   میں   پابندیاں   برقرار رکھنے کافیصلہ کیا جاسکتاہے۔ حکومت میں  موجود انتہائی اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطاق ’’ اگر ہم ملک بھر میں  اس طرح کی پاکٹس کا انتخاب کرسکیں   تومجھے یقین ہے کہ ملک کے بقیہ حصے کے لوگ اپنے کاروبار میں  لگ سکتے ہیں  ۔ اس طرح جن علاقوں  کی نشاندہی ہوگی جو سیکڑوں  میں  بھی ہوسکتی ہے، صرف وہیں  لاک ڈاؤن جیسے حالات رہیں   گے۔‘‘
ٹرینوں  میں  ۱۵؍ اپریل کے بعد کی بکنگ شروع
ٍ ۱۵؍ اپریل سے ِٹرینین شروع کئے جانے کے سلسلے میں انڈین ریلوے کیٹرنگ کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی )کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن بکنگ جاری ہے۔اس کے ذریعے ملک کے کسی بھی حصے کیلئے آن لائن بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آراو رویندر بھاکر نے بتایا کہ ’’ آن لائن بکنگ کے لئے طرح طرح کی باتیں کہی جارہی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آن لائن بکنگ شروع ہے اور مسافر ملک کے کسی بھی حصے میں سفر کے آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں ۔‘‘اس سے قبل خانگی پروازوں  کے شیڈول بھی جاری ہوئےہیں اور ۱۵؍ اپریل سے اندورن ملک ہوائی سفر کے ٹکٹ بھی بک ہورہے ہیں ۔ 
وزراء کےگروپ نے حالات کا جائزہ لیا
  اس بیچ وزیروں  کے ایک گروپ نے جمعہ کو ملک بھر میں  لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی قیادت والے اس گروپ میں   وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خوراک رام ولاس پاسوان اور وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاوڈیکر شامل ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دیگر معاملات کے علاوہ وزراء نے ملک میں  کرونا کے بڑھتے ہوئے معاملوں سے نمٹنے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا۔ 
چوبیس گھنٹوں  میں  ۸؍ ہزار ٹیسٹ
جمعرات اور جمعہ کو ملک بھر میں  کورونا کے ۸؍ ہزارمریضوں  کی جانچ کی گئی جو ملک میں  اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ہندوستان میں  اب تک جن لوگوں  میں  علامتیں   پائی جارہی ہیں ان کی جانچ کا طریقہ اختیار کیاگیاہے۔ 
 ریاستوں کو ۱۱؍ ہزار کروڑ کافنڈ
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو کورونا سے مقابلہ کرنےکیلئے تمام ریاستوں کیلئے ۱۱؍ ہزار ۹۲؍ کروڑ روپے جاری کرنے کافیصلہ کیا ۔ حکومت کے مطابق وزارائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ میں  وزیراعظم کے ذریعہ کرائی گئی یقین دہانی کی بنیاد پر یہ فنڈ جاری کیاگیاہے۔ 
 کورونا پھیلانےکیلئے نوٹ چاٹ کر ویڈیو جاری کرنے والا شخص گرفتار
  ناسک میں  پولیس نے جمعہ کو اس نوجوان کو گرفتار کرلیا جس نے کورونا پھیلانے کیلئے نوٹ چاٹتے اوران سے اپنی ناک صاف کرتا ہوا ویڈیو اپ لوڈ کیاتھا۔اس کی شناخت سید جمیل سید بابو کے طو رپر ہوئی ہے۔ مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیاپر تیزی سے پھیل گیاتھا۔ ویڈیو جاری کرتے ہوئے اس نے کورونا کی وبا کو عذاب الٰہی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وبا ابھی اور بڑھے گی۔ اسے مالیگاؤں  کی عدالت میں  پیش کیاگیا جس نے ۷؍ اپریل تک اسے ریمانڈ  میں  بھیج دیا ہے۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا