English   /   Kannada   /   Nawayathi

کووِڈ۱۹؍کی لپیٹ میں ۲۲۱؍ممالک، اسپین، اٹلی اور امریکہ میں حالات دگرگوں

share with us

کورونا وائرس(کووِڈ ) نے تقریباً۲۲۱؍ ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ اس کا  پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور دنیا بھر میں ۲۹؍ مارچ کی رات ۹؍ بجے تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر۶؍ لاکھ۹۱؍ ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔ جہاں دنیا بھر میں تیزی سے کورونا کے مریض سامنے آ رہے ہیں، وہیں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور مرنے والے افراد کی تعداد۳۳؍ ہزار کے قریب پہنچ چکی تھی۔ کورونا وائرس کے براہ راست اعداد و شمار دینے والے آن لائن میپ’ورلڈو میٹرس ‘ کے مطابق۲۹؍ مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں۳۰؍ ہزار۸۵۲؍ ہوچکی تھیں، جن میں سے صرف۲؍ ممالک اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد۱۶؍ ہزار تھی۔ پاکستان میں بھی تیزی سے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔ جبکہ ایران سے کوئی تازہ اطلاعات نہیں ہے ۔ 
اٹلی میں۱۰؍ ہزار ہلاکتیں
 یورپی ملک اٹلی میں گزشتہ ایک ہفتے سے کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور وہاں پر مجموعی طور ایک ہفتے سے یومیہ۵۰۰؍ سے۸۰۰؍ کے درمیان ہلاکتیں ہوئیں تاہم۲۸؍ مارچ کو وہاں ریکارڈ۹۰۰؍ ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔اٹلی میں اگرچہ اب نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی رفتار کچھ سست ہوچکی ہے تاہم اب بھی وہاں ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، جس وجہ سے اٹلی بھر میں خوف پھیلا ہوا ہے۔ اٹلی کےحکام کے مطابق تاحال عام افراد کے ٹیسٹ نہیں کئے جا رہے بلکہ ان علاقوں میں لوگوں کے ٹیسٹ کئے  جا رہے ہیں، جہاں سے پہلے ہی کیس سامنے آ چکے ہیں۔۲۹؍ مارچ کی صبح تک اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد۱۰؍ ہزار۲۳؍ اور مریضوں کی تعداد بڑھ کر۹۲؍ ہزار۴۷۲؍ تک جا پہنچی تھی۔
اسپین میں اموات میں اضافہ
 میڈرڈ،(ایجنسی ): اسپین میں کورونا وائرس (کووڈ۱۹)کا قہر روز بروز بڑھتاجارہاہے  اور گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران۸۸۳؍لوگوں کی موت ہوجانے سے  اس وباء سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر۶۵۲۸؍ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کی طرف سے  اتوار کو جاری  اعدادوشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دران وائرس سے۸۸۳؍لوگوں کی موت ہوئی ہے  جبکہ کورونا سے متاثر کی افراد کی تعداد۷۸؍ہزار۷۹۷؍ہوگئی ہے ۔ابھی تک اس بیماری سے۱۴؍ہزار۷۰۰؍ لوگ مکمل طورپر صحت یاب ہوئے ہیں ۔ اس وباء سے  متاثرہ۴۹۰۰؍افراد کی حالت سنگین ہے۔راجدھانی میڈرڈ اور کتالونیا اس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔میڈرڈ میں کورونا سے۲۲؍ہزار جبکہ کتالونیا میں۱۵؍ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہیں ۔
امریکہ میں۲؍ ہزار ہلاکتیں
  اگرچہ امریکہ کورونا وائرس کا نیا مرکز بن چکا ہے تاہم وہاں ہلاکتوں کی تعداد اٹلی اور اسپین سمیت ایران اور چین سے بھی کم ہیں۔۲۹؍  مارچ کی صبح تک امریکہ  میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ۲۴؍ ہزار ۶۶۵؍ تک جا پہنچی تھی اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد۲؍ ہزار تک ہو چکی تھی۔  امریکہ کی۵۰؍ ہی ریاستیں کورونا سے متاثر ہیں، تاہم سب سے زیادہ کیسز ریاست نیویارک میں سامنے آئے ہیں، جہاں مریضوں کی تعداد مجموعی مریضوں کا تقریبا نصف حصہ ہے۔ صرف نیویارک میں ہی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد۵۵؍ ہزار کے قریب ہے جب کہ ہلاکتیں بھی وہیں سب سے زیادہ۷۰۰؍ سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ریاست نیوجرسی ہے، جہاں مریضوں کی تعداد۱۲؍ ہزار سے زائد اور ہلاکتوں کی تعداد بھی۱۵۰؍ تک ہے، تیسرے نمبر پر ریاست مشی گن ہے جہاں تقریباً ۵؍ ہزار افراد وباء سے متاثر ہوئے۔امریکہ میں سب سے کم کورونا وائرس کے مریض ریاست جنوبی ڈکوٹا میں ہیں، جہاں مریضوں کی تعداد۷۰؍ تک ہے، تاہم ریاستوں کے علاوہ امریکہ کے وفاقی حکومت کے ماتحت جزائر میں بھی کورونا کے کم کیسز سامنے آئے ہیں اور۲۸؍ مارچ تک امریکہ کی وفاقی حکومت کے ماتحت صرف ایک ہی جزیرے امریکن ساموا میں کوئی بھی کیس ریکارڈ نہیں ہو سکا تھا۔
نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس سے پہلی موت
 نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس(کووِڈ۱۹)  سے ایک بزرگ خاتون کی موت  ہونے کے ساتھ ہی ملک میں اس وبا سے موت کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نیوزی  لینڈ کی وزارت صحت کی ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے اتوار کو  یومیہ پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔   نیوزی لینڈ میں اتوار کو کورونا وائرس کے۶۰؍ نئے کیس سامنے آئے جس سے ملک  میں متاثرین کی مجموعی تعداد۵۱۴؍ ہو گئی ہے۔ کل ۹؍ افراد اسپتال میں داخل  ہیں جن میں سے ایک آئی سی یو میں ہے۔ 
جرمنی میں مرض میں اضافہ، ہلاکتیں کم
  جرمنی میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور وہاں پر۲۹؍ مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر۵۸؍ ہزار کے قریب جا پہنچی تھیں۔ جہاں جرمنی میں کورونا کے مریض تیزی سے سامنے آ رہے ہیں، وہیں وہاں ہلاکتوں کی تعداد دیگر ممالک سے انتہائی کم ہے۔ جرمنی میں۲۹؍ مارچ کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد۴۳۳؍ہو چکی تھی۔
فرانس میں ہلاکتوں میں تیزی
  فرانس میں جہاں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے، وہیں  ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں ۔ ۲۹؍ مارچ تک وہاں ہلاکتوں کی تعداد۲۳۰۰؍ سے بڑھ چکی تھی۔  فرانس میں۲۹؍ مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد بڑھ  کر۳۸؍ ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور وہ مریضوں کے حوالے سے امریکہ، اٹلی، چین، اسپین اور جرمنی کے بعد چھٹے نمبر پر تھا۔
برطانیہ میں حالات مزید بگڑنے کاخدشہ
 برطانیہ میں بھی کورونا کے کیسز تیزی سے سامنے آ رہے ہیں اور وہاں۲۹؍ مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر۱۷؍ ہزار سے زائد ہوچکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر ایک ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے۲۹؍ مارچ کو اپنے ویڈیو پیغام میں عوام کو خبردار کیا کہ ملک میں کورونا کے حوالے سے حالات مزید خراب ہونے والے ہیں۔ وزیر اعظم بورس جانسن تین دن قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے۔
مصر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد۶۰۰؍ہوگئی 
 مصری وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک۳۶؍ افراد ہلاک اور۶۰۰؍ متاثر ہوئے ہیں۔وزارت صحت کی طرف سے جاری  بیان میں کہا گیا کہ سنیچرکو مزید۶؍افراد کورونا کا شکار ہونے کے بعد ہلاک ہوگئے۔
فلسطین میں کورونا کے مزید ۶؍ نئے معاملات
  فلسطینی حکومت کے ترجمان ابراہیم ملحم نے بتایا کہ  فلسطین میں کورونا کے شکار افراد کی تعداد میں مزید ۶؍ کا اضافہ ہوا ہے جس کےبعد کورونا کے متاثرین کی  مجموعی تعداد۹۱؍ سے بڑھ کر۹۷؍ ہوگئی ہے۔ ان میں غزہ کی پٹی کے۹؍ مریض بھی شامل ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا