English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا وائرس: ووہان میں معمولات زندگی بحال ہوتے ہوئے

share with us

29مارچ2020(فکروخبر/ذرائع)کورونا وائرس کی وبا سے اب تک دنیا بھر میں چھ لاکھ کے قریب انسان متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 27 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ تازہ ترین صورت حال کے بارے میں جانیے آج کے لائیو آرٹیکل میں۔

امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اٹلی میں نو ہزار اور اسپین میں پانچ ہزار سے زائد افراد اس مرض کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔

چینی شہر ووہان میں، جہاں سے اس وبا کا آغاز ہوا تھا، معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ووہان میں جنوری سے لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا۔

  • بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے ٹرین کی بوگیاں استعمال میں لائے جانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انڈین ریلویز کے مطابق اس سلسلے میں قرنطینہ بوگیوں کا پروٹوٹائپ تیار کر لیا گیا ہے، جہاں مریضوں کا علاج بھی کیا جا سکے گا۔ ریلوے کے بھارتی وزیر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ریلوے کا ادارہ مریضوں کو صحت یاب ہونے کے لیے صاف ستھرا اور آرام دہ ماحول فراہم کرے گا۔
  • سری لنکن پولیس نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر مزید سینکڑوں شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں سے اٹھارہ افراد کو باجماعت نماز ادا کرنے پر حراست میں لیا گیا۔ سری لنکا نے کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ روکنے کی خاطر بیس فروری سے ملک گیر کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ پولیس اب تک کرفیو کی خلاف ورزی پر 4600 افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں کووِڈ انیس کے 106 مصدقہ مریض ہیں۔ سری لنکا کے علاوہ پاکستان اور بھارت میں بھی سکیورٹی اہلکار لاک ڈاؤن یقینی بنانے کے لیے سختی اختیار کر رہے ہیں۔
     
  • يورپی ملک اسپين ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کووڈ انيس کے باعث 832 افراد ہلاک ہوئے۔ يہ اسپين ميں ايک ہی دن ميں ہلاک ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ہفتہ اٹھائيس مارچ کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بہتر ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسپين ميں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5,690 ہو گئی ہے۔ ستائيس مارچ کے روز اٹلی ميں بھی قريب ايک ہزار اموات ريکارڈ کی گئی تھيں۔
  • نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آج بروز ہفتہ مجموعی طور پر چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستائيس ہزار سے زیادہ  ہے۔ کووڈ انيس کے سب سے زيادہ مريض امريکا، اٹلی، اسپين، چين، ايران اور فرانس ميں ہيں۔ مشرق وسطیٰ ميں ايران سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران 139 مزيد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ہلاک شدگان کی کل تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
  • چین نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے طبی امدادی سامان پاکستان بھیجا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق طبی عملے اور امدادی سامان لیے ایک خصوصی طیارہ چین سے پاکستان پہنچ چکا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق خصوصی طیارے میں ادویات اور سرجیکل ماسکس کے علاوہ چین سے طبی عملے کے آٹھ ارکان بھی پاکستان پہنچے ہیں۔ چینی ماہرین پاکستان میں عملے کو تربیت فراہم کریں گے۔ پاکستان میں اس وقت تک کووِڈ انیس کے مصدقہ کیسز کی تعداد چودہ سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب تک اس مرض کے سبب دس پاکستانی ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
  • امريکا ميں ايبٹ ليبارٹريز نے ايک ايسا ٹيسٹ متعارف کرايا ہے، جو صرف پانچ منٹ ميں نئے کورونا وائرس کی شناخت کر سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق امريکی فوڈ اينڈ ڈرگ ايڈمنسٹريشن (FDA) نے ہنگامی بنيادوں پر اس ٹيسٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اب وسيع پيمانے پر اس کی تياری کا مرحلہ شروع ہو گا تاکہ آئندہ ہفتے تک يہ متعلقہ محکموں کو پہنچايا جا سکے۔ واضح رہے کہ اس ٹيسٹ کی ايف ڈی اے نے صرف ہنگامی صورتحال ميں اور صرف مخصوص ليبارٹريز اور صحت عامہ سے متعلق محکموں کو استعمال کی اجازت ہے۔ فی الحال عام صارفين کے ليے يہ دستياب نہيں۔  
  • جوہری ہتھياروں کے پھيلاؤ کو روکنے کے عالمی معاہدے پر نظر ثانی اور اس کے جائزے کے ليے ہونے والی کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس بارے ميں اعلان اقوام متحدہ کی جانب سے ستائيس مارچ کو کيا گيا۔ يہ کانفرنس ستائيس اپريل سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہيڈ کواٹر ميں شروع ہونا تھی۔ عالمی تنظيم کے ترجمان نے بتايا کہ موقع ملتے ہی کانفرنس منعقد ہو گی ليکن قوی امکان ہے کہ ايسا آئندہ برس اپريل تک ہی ممکن ہو گا۔ دنيا بھر ميں 191 ممالک ’جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے‘ کا حصہ ہیں۔

  • امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو کھرب ڈالر سے زائد ماليت کے امدادی پيکج پر دستخط کر ديے ہيں۔ کانگريس کی جانب سے منظوری کے بعد جمعے کی رات ايک تقريب ميں اس پيکج پر دستخط کيے گئے۔ ان رقوم سے نئے کورونا وائرس کی عالمگير وباء سے منفی طور پر متاثر ہونے والے کاروباروں کی مدد کی جائے گی۔ ہنگامی صورتحال ميں داخلی سطح پر اداروں اور محکموں کی مالی مدد کے حوالے سے امريکا ميں منظور کردہ يہ تيسرا قانون ہے۔ دريں اثناء امريکا ميں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ايک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ سترہ سو سے زيادہ افراد اب تک اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔
  • فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے یورپی ممالک سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مزید یک جہتی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تین اطالوی اخبارات کو ہفتے کے روز دیے گئے اپنے انٹرویو میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ صحت اور بجٹ کے معاملے پر یورپی یک جہتی کے بغیر موجودہ بحران سے نہیں نمٹا جا سکتا۔ انہوں نے جرمنی اور ہالینڈ کو بالواسطہ تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ اٹلی اور اسپین نے رواں ہفتے یورپی سطح پر قرض حاصل کرنے کے لیے 'کورونا بانڈز‘ جاری کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے جرمنی اور ہالینڈ نے مسترد کر دیا تھا۔
  • ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملک میں صحت کا انفراسٹرکچر کورونا وائرس کی وبا میں ممکنہ اضافے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ایرانی محققین کے اندازوں کے مطابق مئی کے اواخر تک یہ وبا ایران میں بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔ ایسے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں کہ اس دوران ایران میں لاکھوں افراد کووِڈ انیس کے باعث ہلاک ہو سکتے ہیں۔ اس وقت بھی ایران مشرق وسطیٰ میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، جہاں اب تک بتیس ہزار سے زیادہ افراد متاثر جب کہ چوبیس سو کے قریب ہلاک ہو چکے ہیں۔
  • کووِڈ انیس کی وبا دو سو ممالک تک پہنچ چکی ہے۔ آج ہفتے کے روز متعدد ممالک میں اس مرض سے ہونے والی پہلی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ اردن میں اس مرض کے دو سو کیسز ہیں اور وہاں آج پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ برونائی اور ساؤتھ افریقہ میں بھی اس مرض کے سبب ہونے والی اولیں ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا