English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا وائرس: اسپین میں یومیہ ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ

share with us

29مارچ2020(فکروخبر/ذرائع)اسپین میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 838 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جو اس ملک کے لیے ایک نیا یومیہ ریکارڈ ہے۔

  • امریکا میں کووِڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 2191 ہو چکی ہے جب کہ 124,665 افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔
  • اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 10,023 ہو گئی ہے، اسپین میں بھی قریب چھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
  • یورپ میں مجموعی طور پر بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
  • دنیا بھر میں 665,164 افراد کووِڈ انیس کے شکار ہوئے جن میں سے 140,222 صحت یاب اور تیس ہزار ہلاک ہوئے۔

اسپین میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 838 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جو اس ملک کے لیے ایک نیا یومیہ ریکارڈ ہے۔ گزشتہ روز بھی آٹھ سو سے زائد ہسپانوی شہری ہلاک ہوئے تھے۔ آج اتوار کے روز تک اسپین میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6,528 ہو گئی ہے۔ اسی دوران اسپین میں چھ ہزار سے زائد نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد 78,797 ہو گئی ہے۔

ویتنام میں ہسپتال بھی لاک ڈاؤن

ویتنام نے کووڈ انیس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ملک کے سب سے بڑے ہسپتالوں میں سے ایک کو ہی قرنطینہ کر دیا ہے۔ یہ اقدام ہسپتال کے عملے اور مریضوں میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔ ویتنامی حکومت کے مطابق ہسپتال کے عملے اور مریضوں میں سے سولہ افراد کووِڈ انیس میں مبتلا ہوئے، جس کے بعد ہسپتال کو قرنطینہ کر دیا گیا۔

جرمن پوسٹ ہنگامی صورت حال کے لیے تیار

جرمن پوسٹ نے کووِڈ انیس کی وبا کے پیش نظر ہنگامی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ ادارے کے مطابق عملے کے زیادہ افراد اگر اس وبا کا شکار ہوئے تو ایسی صورت میں پوسٹ کی ترسیل محدود کر دی جائے گی۔ جرمن میڈیا کے مطابق ہنگامی صورت میں صرف خاص افراد اور حکومتی ادارے ہی پوسٹ کی سہولت سے مستفید ہو پائیں گے۔ 
جرمنی میں اب تک 57,695 افراد کووِڈ انیس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 433 افراد ہلاک ہوئے اور قریب ساڑھے آٹھ ہزار مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

’قرنطینہ کی ضرورت نہیں پڑے گی‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے سب سے زیادہ متاثرہ شہر نیویارک سمیت بڑے شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ قرنطینہ ضروری نہیں بلکہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نیویارک، نیوجرسی اور کنیکٹیکٹ جیسے شہروں کے رہائشی آئندہ چودہ دنوں تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ نیویارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے۔ امریکا میں اس انفیکشن کے شکار افراد کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بائیس سو تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی

پاکستان میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1495 ہو گئی ہے۔ اس وائرس کے سبب ہونے والی بیماری کووڈ انیس کے باعث انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 12 ہے جبکہ 29 افراد اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے زیادہ تر حصے میں اس وقت تقریباﹰ مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ طبی حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب ایک شخص کی موت ہوئی۔ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 557 ہے جبکہ سندھ میں ایسے افراد کی تعداد 469۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں اس بیماری کے شکار افراد کی تعداد 188 اور بلوچستان میں 107 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے متاثرین کی  تعداد 39 ہے۔

کووڈ انیس: شیر خوار بچہ بھی ہلاک ہوا

امریکی ریاست الینوائے میں حکام ایک ایسے شیر خوار بچے کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں جو کورونا انفیکشن کا شکار تھا۔ کووڈ انیس کے شکار کسی بچے کی موت کا یہ اولین واقعہ ہے۔ مرنے والے بچے کی عمر ایک برس سے بھی کم تھی۔ کووڈ انیس سے سب سے زیادہ خطرہ کمزور جسمانی قوت مدافعت، شدید بیماریوں کے شکار اور عمر رسیدہ افراد کو ہوتا ہے۔ کووڈ انیس کے باعث الینوائے میں ہونے والی 65 فیصد اموات 60 برس یا اس سے زائد عمر کی لوگوں کی ہیں۔

چین میں وبا کی شدت کم ہوتی ہوئی

چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 نئے افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ یہ تعداد ایک روز قبل 54 تھی۔ چین کی وزارت صحت کے مطابق جن نئے لوگوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی ہے ان میں سے ایک کے علاوہ باقی سب افراد دیگر ممالک سے چین واپس لوٹے تھے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران چین میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 313 رہی جن میں سے محض چھ ایسے افراد تھے جنہیں ملک کے اندر ہی یہ انفیکشن لگی۔

مجموعی صورت حال

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ لاکھ پینسٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب تیس ہزار نو سو ہو گئی ہے۔ دوسری طرف اس وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں کورونا انفیکشن کے شکار افراد کی تعداد ایک لاکھ جوبیس ہزار ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جو دس ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا