English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا وائرس نے چین اور امریکا کو متحد کردیا

share with us

واشنگٹن/ بیجنگ28مارچ2020(فکروخبر/ذرائع)ایک دوسرے کیساتھ معاشی جنگ میں مصروف رہنے والے سخت حریف ممالک چین اور امریکا نے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے ’متحد‘ ہونے پر اتفاق کرلیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکا کو کورونا وائرس سے متعلق اپنی معلومات اور تجربہ فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک نازک موڑ سے گزر رہے ہیں تاہم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال ایک ’موقع‘ ہے جو دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو کو مثبت قرار دیتے ہوئے پہلی بار مہلک وائرس کو اُس کے اصلی نام یعنی ’کورونا وائرس‘ سے پکارا ورنہ اب تک وہ اسے ’چائنا وائرس‘ کہہ کر پکارتے آئے ہیں جس سے محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے۔

 امریکی صدر نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے چینی صدر کیساتھ سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔ چین اس خطرناک وبا سے نمٹنے لیے کافی معلومات اور استعداد رکھتا ہے اور دونوں ممالک اس اہم معاملے پر مل کر کام کرتے رہیں گے۔ صدر ٹرمپ نے چینی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ کورونا وائرس کو ہمیشہ چائنا وائرس کہہ کر پکارتے رہے ہیں جس پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور الزام تراشیوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا