English   /   Kannada   /   Nawayathi

اٹلی میں کورونا وائرس سے ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ,ایک دن میں قریب ہزار ہلاکتیں

share with us

28مارچ2020(فکروخبر/ذرائع)اطالوی ارالحکومت روم میں ملک کے شہری دفاع کے ادارے نے جمعہ ستائیس مارچ کی شام بتایا کہ اٹلی میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے مریضوں کی مجموعی تعداد چار ہزار چار سو کے اضافے کے ساتھ اب ساڑھے چھیاسی ہزار ہو گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اٹلی نے ان مریضوں کی تعداد کے حوالے سے اب چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جہاں سے اس وبائی مرض کا آغاز ہوا تھا۔

اٹلی کی شہری دفاع کی ایجنسی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کے ہاتھوں یورپی یونین کے رکن اس ملک میں صرف آج جمعے کے روز مزید 969 مریض انتقال کر گئے۔ یوں اٹلی میں کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی اب نو ہزار ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ تعداد دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے کسی ایک ملک میں انسانی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جو چین میں اسی وجہ سے اموات کا تقریباﹰ تین گنا بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اٹلی میں آج مزید تقریباﹰ ایک ہزار مریضوں کی موت کووِڈ انیس کی وجہ سے کسی بھی ملک میں صرف ایک دن میں آج تک ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے آج جمعے کی شام دنیا بھر میں کووِڈ انیس کے مریضوں کی تعداد کے نصف ملین سے زائد ہو جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اپیل کی کہ تمام متاثرہ ممالک میں طبی شعبے کے ان کارکنوں کی حفاظت کے لیے زیادہ سے زیادہ حفاظتی ساز وسامان مہیا کیا جانا چاہیے، جو لاکھوں مریضوں کی جانیں بچانے کی انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ متاثرہ ممالک کو مریضوں کے علاج کے لیے ایسی ادویات استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے، جن کا کووِڈ انیس کے خلاف مؤثر اور کارگر ہونا ابھی ثابت نہیں ہوا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا