English   /   Kannada   /   Nawayathi

سی اےاے احتجاج کے پس منظر میں ٹویٹ کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر معطل

share with us

:27مارچ 2020 ( فکر وخبر /ذرائع)جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ابرابر احمد کو ان کے ذریعہ کیے گئے ایک شرمناک ٹوئٹ کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔ ٹوئٹ انتہائی حد تک فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو چوٹ پہنچانے والا تھا جس کو دیکھتے ہوئے جامعہ انتظامیہ نے انھیں فوری اثر سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے خلاف جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ حالانکہ ابرار احمد اپنی صفائی میں یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے ٹوئٹ کو غلط طریقے سے لیا گیا اور وہ صرف ایک طنز تھا جس کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ اس صفائی کے باوجود لوگ انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور حیران ہیں کہ ایک اسسٹنٹ پروفیسر اس قدر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے والا ٹوئٹ کیسے کر سکتا ہے۔

دراصل اسسٹنٹ پروفیسر ابرار احمد نے 25 مارچ کو اپنے آفیشیل اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا "15 غیر مسلموں کو چھوڑ کر میرے سبھی طلبا پاس ہو گئے ہیں۔ اگر آپ سی اے اے کے خلاف تحریک کرتے ہیں تو میرے پاس سی اے اے کے حق میں 55 طلبا ہیں۔ اگر تحریک ختم نہیں ہوئی تو اکثریت آپ کو سبق سکھائے گی۔ کورونا کی وجہ سے آپ کی تحریک کے نشان مٹ گئے ہیں۔ میں حیران ہوں کہ آپ کو مجھ سے نفرت کیوں ہے؟" اس ٹوئٹ کے بعد سے ہی ایک ہنگامہ برپا ہو گیا تھا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو دھچکا پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ابرار احمد کو تنقید کا نشانہ بنانے لگے تھے۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبا اور اساتذہ نے بھی ان کے اس ٹوئٹ کی پرزور مذمت کی۔ غالباً یہی وجہ ہے کہ 25 مارچ کو ہی شام میں انھوں نے اپنے ٹوئٹ پر صفائی پیش کی۔

اپنے دوسرے ٹوئٹ میں ابرار احمد نے لکھا کہ "میرا ٹوئٹ سی اے اے کی مخالفت کو لے کر ایک طبقہ کے خلاف حکومت کے رویہ پر محض طنز تھا۔" اسی ٹوئٹ میں وہ آگے لکھتے ہیں کہ "نہ تو ایسا کوئی امتحان ہوا ہے اور نہ ہی کوئی نتیجہ سامنے آیا ہے۔ یہ صرف ایک ایشو کو سمجھانے کے لیے ٹوئٹ تھا، میں کسی سے تفریق نہیں کرتا۔" ابرار احمد کے ذریعہ صفائی پیش کیے جانے کے باوجود وہ لوگوں کے نشانے پر رہے اور بات یونیورسٹی تک پہنچ گئی۔ ٹوئٹ کی حساسیت اور ایک اسسٹنٹ پروفیسر کی غیر ذمہ داری کو دیکھتے ہوئے جامعہ نے انھیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں 26 مارچ کو ایک ٹوئٹ بھی کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ "ڈاکٹر ابرار نے امتحان میں 15 غیر مسلم طلبا کو فیل کرنے کی بات عوامی پلیٹ فارم پر کہی ہے جو فرقہ واریت اور نفرت پھیلانے والا ایک سنگین عمل ہے۔ یونیورسٹی نے جانچ مکمل ہونے تک انھیں معطل کر دیا ہے۔" جامعہ کے اس فیصلے کی چہار جانب تعریف بھی ہو رہی ہے۔ حالانکہ جامعہ کے کچھ طلبا اس بات کو لے کر اب بھی حیران ہیں کہ ابرار احمد نے اس طرح کا غیر اخلاقی، غیر جمہوری اور غیر ذمہ دارانہ ٹوئٹ کس طرح کر دیا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اپنے ٹوئٹ کے لیے زبردست مذمت اور تنقید کا سامنا کر رہے ابرار احمد کا ٹوئٹر ہینڈل کام نہیں کر رہا ہے۔ اس سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے اپنا ٹوئٹر ہینڈل ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ لیکن انھوں نے جو بھی ٹوئٹ کیا تھا اس کا اسکرین شاٹ مختلف نیوز پورٹل پر پہلے سے ہی ڈالا جا چکا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا