English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل میں 11 کے وی کی تار چھونے سے دو بھائی جاں بحق 

share with us

بھٹکل 25/ مارچ 2020(فکروخبر نیوز)  بھٹکل میں کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا۔ لاک ڈوان کے دوران باہر جانے سے سختی برتی گئی اور اسی وجہ سے پورے بھٹکل کی عوام اپنے اپنے گھروں میں ہیں۔ اس دوران چھت پر کھیل رہے دو بھائیوں کے تار چھونے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی ہے۔ فکروخبر کے مطابق شہر کے کار اسٹریٹ میں کرایہ کے مکان میں رہنے والے محمد فہد منیار اور اس کے چھوٹے بھائی محمد انظف منیار گھر کی چھت پر کھیل رہے تھے۔کھیل کھیل میں محمد فہد چھت کے کنارے پہنچا اور گرنے سے ڈر سے قریب سے گذر رہی 11کے وی کے لائن کو پکڑ لیا جس کے بعد اپنے بھائی کو بچانے کے لیے دوسرا بھائی بھی آگے بڑھا اور دونوں بجلی کے جھٹکے کی زد میں آگئے۔ بتایا جارہا ہے کہ محمد فہد اپنا توازن کھوکر سڑک پر گرگیا۔ فوری طور پر دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں محمد فہد کی موت واقع ہوگئی اور محمد انظف کی اڈپی اسپتال منتقلی کے دوران موت واقع ہوگئی۔ 
    ان کے والد وجئے واڑہ میں ملازمت کیا کرتے ہیں اور محمد فہد بھی وہیں پر ملازمت کرتا ہے جبکہ محمد انظف نونہال سینٹرل اسکول میں نویں جماعت کا طالب علم تھا۔ 
    محمد انظف کی موت پر نونہال کے اساتذہ او رطلباء نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ایک تعزیتی پیغام ریلیز کیا ہے جس میں مرحوم کے اوصاف بیان کرتے ہوئے مغفرت کی دعا بھی کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ دونوں کی مغفرت فرمائے اور والدین اور جمیع اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔ 

 تعزیتی پیغام 
نونہال سینٹرل اسکول بھٹکل 

انظف منیار بڑے ہونہار، سلیقہ مند، شریف النفس اور بڑے ہی دلچسپ طالب علم تھے۔ نویں جماعت میں داخل تھے۔ اساتذہ اور ٹیچرس کے منظور نظر تھے۔ درجہ کے تمام ساتھیوں کے چہیتے اور ہر دلعزیز تھے۔ 
انظف کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ جب بھی کسی سے ملتے خندہ پیشانی سے ملتے۔ کسی کو تکلیف دینا، ستانا، چٹکی لینا، مذاق اڑانا آج کل عام ہے، مگر انظف اس طرح کی بے ہودہ چیزوں سے دور بلکہ متنفر تھے۔
پڑھنے کے بے انتہا شوقین تھے۔ ایک استاد نے بتایا کہ چند دنوں میں کئی کئی کتابیں پڑھ لی تھیں۔  لگتا تھا یہ لڑکا ایک دن ترقی کے مدارج طے کر کے صرف والدین ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا نام روشن کرے گا۔ لیکن اس کا رزق، اس کی سانسیں اور اس کی عمر اللہ کے حکم سے یہیں تک لکھی تھی۔    موت ہر شاہ و گدا، مردو عورت،  بوڑھے ، بچے اور جوان کو نگل لیتی ہے۔ وہ ظالم کہاں دیکھتی ہے کہ یہ لڑکا مستقبل میں قوم کا نام روشن کرنے والا ہے۔ مگر !!!

موت سے کس کو دستگاری ہے
آج وہ کل ہماری باری ہے

نونہال سینٹرل اسکول اپنے اس مایہ ناز طالب علم کو سلامی پیش کرتا ہے۔  ہم اسکول کے انتظامیہ، تمام اساتذہ، ٹیچرس اور طلباء طالبات دعا گو ہیں کہ اللہ ہمارے اس شاہین صفت طالب علم کو جنت الفردوس نصیب فرمائے۔ اس کے والدین اور اقارب کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔۔۔ 

                نونہال سینٹرل اسکول بھٹکل

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا