English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا قوم کے نام خطاب

share with us

ریاض22 مارچ 2020 (فکر وخبر/ذرائع) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی مملکت مہلک کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ہر شہری اور مکین کو ادویہ ، خوراک اور دوسری تمام اشیائے ضروریہ مہیا کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دنیا اس وقت ایک مشکل دور سے گزررہے ہیں اور ہم اللہ پر اعتقاد اور یقین کے ساتھ اس مشکل دور سے نکل آئیں گے۔

العربیہ کے مطابق وہ جمعرات کی شب دنیا میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر قوم سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ”ہمیں اللہ پر بھروسا ہے اور ہم وہ اقدامات کررہے ہیں جو ہمیں کرنے چاہییں۔ہم انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لارہے ہیں اور شہریوں اور مکینوں کو باوقار زندگی گزارنے کے لیے تمام ضروری اشیاءمہیا کررہے ہیں۔“

انھوں نے سعودی شہریوں اور مکینوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ اپنے عزم اور اعتقاد پر بھروسا رکھیں۔اپنی اجتماعی ذمے داری کا ثبوت دیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائیں اور ہمیں اپنی بہتر نعمتوں سے نوازیں۔انھوں نے اپنی تقریرکے آغاز میں کہا کہ ”سعودی عرب نے اس وبا سے نمٹنے اور اس کے اثرات کو محدود رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر اور اقدامات اختیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ہمیں اللہ کی مدد اور پھر اپنی صلاحیتوں پر بھروسا ہے۔آپ مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے مضبوط عزم کے مالک ہیں۔“

انھوں نے شہریوں اور مکینوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کا اس مشکل وقت میں متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کے ساتھ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس وبا سے کامیابی سے نمٹنے کے عمل میں سب سے بڑا حصہ اور کردار ہے۔

شاہ سلمان نے قوم کو اس بات کا یقین دلایا کہ ”حکومت ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام کوششوں کو یقینی بنائے گی۔ہم اس مملکت کے تمام شہریوں اور مکینوں کے لیے خوراک ، ادویہ اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔اس وقت وزارت صحت کی قیادت میں حکومت کے تمام شعبے قوم کے شہریوں اور مکینوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔“

انھوں نے کرونا وائرس کی مہلک وباسے نمٹنے کے لیے حکومت کے تمام اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کے پیشہ ور عملہ کی شاندار خدمات کو سراہا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس کٹھن وقت میں ہم مخلصانہ اور سخت جاں فشانی سے اپنا کام جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم باہمی یگانگت ، یک جہتی اور تعاون کے ذریعے ہی اس مہلک وبا پر قابو پاسکتے ہیں۔ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اس مہلک وائرس کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

سعودی فرمانروا کا کہنا تھا کہ ”آنے والا مرحلہ عالمی سطح پرموجودہ صورت حال سے زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔اسی لیے میں نے اپنی تقریر کے آغاز میں کہا ہے کہ ہم ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ہمیں تیزی سے پھیلنے والی اس وبا سے نمٹنا ہوگا۔اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اور پوری دنیا کی تمام مصائب اور مشکلات سے حفاظت فرمائیں اور ہمیں اپنی نعمتوں سے نوازیں۔“

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا