English   /   Kannada   /   Nawayathi

دبئی ایک مرتبہ پھر دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ

share with us

دبئی: 05/ فروری2020(فکروخبر /ذرائع) ورلڈ پیسنجر ٹریفک کے مطابق بین الاقوامی سفر کے اعتبار سے دبئی نے دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کے مسافروں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود یہ پہلے مقام پر ہی ہے۔خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں شامل دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ایک مرتبہ پھر دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سن 2019 میں اس ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد چھیاسی ملین سے زائد رہی۔ یہ تعداد دوسری پوزیشن پر آنے والے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے چھ ملین زیادہ ہے۔ گزشتہ برس دبئی ایئر پورٹ کو استعمال کرنے والے مسافروں میں تین فیصد کمی واقع ہونے کے باوجود اُسے مصروف ترین قرار دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک رن وے کی مرمت کا کام جاری ہے، جس کی وجہ سے پروازوں میں کمی ہوئی ہے اور اور یہ ہوائی سروس کے لیے بند ہے۔ ایک اور وجہ بوئنگ میکس طیاروں کو گراؤنڈ کرنا بھی ہے۔ یہی ایئر پورٹ دنیا کی مقبول ایئر لائن ایمیریٹس کا گھر بھی ہے۔ اسی ہوائی اڈے سے قریبی خلیجی ریاستوں اور ایران کے لیے قدرے سستی ہوائی کمپنی 'فلائی دبئی' بھی اپنا بزنس جاری رکھے ہوئے ہے۔ فلائی دبئی کو ایمیریٹس کی سسٹر ایئر لائن قرار دیا جاتا ہے۔ یہ سستی ایئر لائن بدستور بوئنگ میکس کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہے۔ البتہ ایمیریٹس نے اس کا استعمال بند کر دیا ہے۔ یہ مسلسل چھٹا برس ہے کہ دبئی کے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی سفر کے لیے دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا۔ اس ہوائی اڈے سے بڑے ہوائی جہاز ایئر بس 380 اور بوئنگ ٹرپل سیون بھی اپنی منازل کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔ ہوائی جہازوں کے ذریعے مال برداری کے لیے یہ دنیا کا چھٹا بڑا مرکز ہے۔ دبئی کو یہ اعزاز اس کی بین الاقوامی پروازوں کی وجہ سے دیا گیا ہے۔ تاہم دوسری جانب اگر اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کی بات کی جائے تو امریکی ریاست جورجیا کے شہر اٹلانٹا کا ہارٹسفیلڈ جیکسن ایئر پورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ یہ ہوائی اڈہ بین الاقوامی ٹریفک میں اس وقت ساتویں مقام پر ہے۔ ہارٹسفیلڈ جیکسن ہوائی اڈہ ایک سو ملین مسافروں کو پرواز کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ٹوکیو، بیجنگ، شنگھائی، ہانگ کانگ اورلاس اینجلس بھی شمار کیے جاتے ہیں۔ جرمنی کا فرینکفرٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ یورپ میں پہلے پانچ اور دنیا میں ٹاپ ٹوئنٹی میں شمار کیا جاتا ہے۔ ع ح ⁄ ع ا (اے پی)

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا