English   /   Kannada   /   Nawayathi

فرانسیسی صدر ایمینوئل میکخواں نے اسرائیلی پولیس کو ڈانٹ دیا

share with us

یروشلم : 23/ جنوری 2020 (فکروخبر/ذرائع) فرانس کے صدر ایمینوئل میکخواں نے یروشلم کے دورے میں اسرائیلی پولیس کو ڈانٹ دیا۔ صدر میکخواں نے پولیس اہلکاروں پر اُن قوائد کی خلاف ورزی کا الزام لگایا جن کے تحت اسرائیلی پولیس اہلکاروں کا اُس چرچ میں داخلہ ممنوع ہے جس کا وہ دورہ کر رہے تھے۔صلیبی جنگوں کے زمانے کا سینٹ این نامی چرچ فرانس کی سرزمین سمجھا جاتا ہے۔ انھوں نے انگریزی زبان میں وارننگ دیتے ہوئے کہا 'آپ نے جو میرے سامنے کیا ہے وہ مجھے پسند نہیں آیا۔ یہاں سے نکل جائیں، پلیز، کسی کو اکسانے کی ضرورت نہیں ہے۔' اِس واقعے نے نوے کی دہائی میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعے کی یاد دلا دی جس میں فرانسیسی صدر ژاک شیراک شامل تھے۔

سنہ 1996 میں اِسی چرچ کا دورہ کرتے ہوئے فرانس کے اُس وقت کے صدر ژاک شیراک بھی اسرائیلی اہلکاروں پر برہم ہو گئے تھے۔ اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں نے صدر شیراک کے ساتھ آنے والے فلسطینیوں، صحافیوں اور مشیروں کو باہر نکال دیا تھا۔ صدر میکخواں اس وقت یروشلم کے دورے پر ہیں جہاں وہ اوشوتز برکیناو کانسنٹریشن کیمپ کو آزاد کرانے کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔دوسری جنگِ عظم کے دوران اِس کیمپ میں کئی لاکھ یہودیوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

سینٹ این چرچ سنہ 1138 سے یہاں موجود ہے اور صلیبی جنگوں کے زمانے کا ایک ایسا چرچ ہے جسے آج تک اس کی اصلی حالت میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ مسیحی روایات کے مطابق یہاں ایک تہہ خانے میں حضرت مریم اور ان کے والدین کا گھر بھی محفوظ ہے۔ اِس چرچ پر فرانسیسی جھنڈا سنہ 1856 سے لہرا رہا ہے جب ترکی کے عثمانیوں نے اِس چرچ کو فرانس کو ایک تحفے کے طور پر پیش کیا تھا کیونکہ فرانس نے کرائمین جنگ میں اُن کی مدد کی تھی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں صدر میکراں چرچ کے اندر جانے والی راہداری میں فرانسیسی اور اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں میں گھرے ہوئے ہیں۔ صدر میکخواں کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اونچی آواز میں ایک اسرائیلی آفیسر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ 'آپ نے جو میرے سامنے کیا وہ مجھے پسند نہیں آیا۔ پلیز باہر چلے جائیں۔'

اُس کے بعد انھوں نے سادہ کپڑوں میں ملبوس ایک سکیورٹی اہلکار سے کہا کہ 'ہمیں یہاں گھوم پھر کر بہت مزا آیا ہے۔ آپ نے شہر میں بہت اچھا کام کیا ہے اور میں اِس کی قدر کرتا ہوں۔' اُس کے بعد انھوں نے کہا 'برائے مہربانی قوائد کا احترام کریں کیونکہ یہ صدیوں سے ہیں۔'

اسرائیلی پولیس کے ترجمان کے مطابق جب صدر میکخواں کا وفد سینٹ این چرچ کا دورہ کرنے آیا تو اسرائیلی پولیس اور فرانسیسی سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان اِس بات پر گفتگو ہوئی کہ کسے چرچ کے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق ایک اسرائیلی گارڈ اور پولیس اہلکار صدر اور ان کے وفد کو اندر لے کر گئے۔ صدر ایمینوئل میکخواں نے اِس موقع پر یہ بھی کہا کہ 'آپ کیا چاہتے ہیں کہ میں اپنے جہاز میں جاؤں اور فرانس واپس چلا جاؤں؟ کیا آپ یہ چاہتے ہیں؟ انھیں جانے دیں، انھیں جانے دیں'۔ اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے اِس واقعے پر صدر میکراں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب ایک دوست کی حفاظت کے لیے کیا گیا۔

source: bbc.com/urdu

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا