English   /   Kannada   /   Nawayathi

مرد گھروں میں رضائی اوڑھ کر سو رہے ہیں اور ان کی خواتین چوراہے پر : یوگی نے کی دھرنے پر بیٹھی خواتین کی بے عزتی

share with us

لکھنو: 23جنوری 2020(فکروخبر/ذرائع) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ اور لکھنو کے گھنٹہ گھر پر خواتین کے مظاہرہ سے بی جے پی لیڈر کس قدر بوکھلائے ہوئے ہیں، اس کا اندازہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ پر بیٹھے یوگی آدتیہ ناتھ کے ایک بیان سے صاف طور پر ہوتا ہے۔ بدھ کے روز کانپور میں شہریت قانون کی حمایت میں منعقد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے عہدہ اور عوامی زندگی کی سبھی قدروں کو طاق پر رکھتے ہوئے خاتون مظاہرین کو لے کر انتہائی بے حرمتی والی زبان کا استعمال کیا اور کہا کہ مرد گھروں میں رضائی اوڑھ کر سو رہے ہیں اور ان کی خواتین چوراہے چوراہے پر دھرنے پر بیٹھی ہیں۔

نئے شہریت قانون کے خلاف دہلی، لکھنو سمیت ملک بھر کے کئی شہروں میں مورچہ سنبھال رہی خواتین پر اپنے شعلہ بیان انداز میں یوگی نے اسٹیج سے کہا کہ کچھ لوگوں میں اتنی بھی ہمت نہیں ہے کہ وہ خود تحریک چلائیں، اسی لیے اپنے گھر کی خواتین اور بچوں کو چوراہوں پر بٹھا دیا ہے۔ ان کے مرد گھر میں رضائی میں سو رہے ہیں اور خواتین چوراہے چوراہے پر ہیں۔ ان کے مرد نااہل ہیں۔ یوگی اتنے پر ہی نہیں رکے، انھوں نے آگے یہ بھی کہہ دیا کہ قانون کی مخالفت کرنے والی خواتین کو یہ تک نہیں پتہ ہے کہ آخر سی اے اے کیا ہے۔

غور طلب ہے کہ شہریت قانون کے خلاف گزشتہ کئی دنوں سے دہلی کے شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھی خواتین کی طرح ہی لکھنو کے گھنٹہ گھر پر بھی خواتین پرامن انداز میں مظاہرہ کر رہی ہیں۔ زبردست ٹھنڈ کے باوجود خواتین کے جوش میں کوئی کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ پولس کی لاکھ کوششوں کے بعد بھی جب یہ خواتین وہاں سے نہیں ہٹیں تو دو دن قبل نصف رات کو یو پی پولس نے خاتون مظاہرین کے کمبل اور کھانے کے سامان چھین لیے۔ اتنا ہی نہیں، انتظامیہ نے گھنٹہ گھر کے پاس کا بیت الخلا بھی بند کرا دیا تاکہ خواتین کا حوصلہ ٹوٹ جائے، لیکن یہ سبھی کوششیں اب تک ناکام ہی ثابت ہوئی ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا