English   /   Kannada   /   Nawayathi

صدر ٹرمپ: 'ماہرینِ ماحولیات تباہی کے پیغمبر ہیں'

share with us

نیوریاک  22/ جنوری2020(فکروخبر /ذرائع) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماہرینِ ماحولیات کو 'تباہی کے پیغمبر' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اِن لوگوں کی پیشگوئیاں کئی دہائیوں سے غلط ثابت ہو رہی ہیں۔ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت خوش امیدی کا ہے نہ کہ مایوسی کا اور یہ کہ لوگوں کو خوابوں کی ضرورت ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ آب و ہوا میں تبدیلی کے مسائل کو ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے اور ایک تخلیقی معیشت ایسے مسائل کے حل تلاش کر لے گی۔انھوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بیوروکریسی کو کم کر کے امریکہ میں ہونے والی معاشی ترقی کی تقلید کریں۔

صدر ٹرمپ کی تقریر کا زیادہ حصہ اپنی کامیابیاں گنوانے پر تھا اور سیاسی مبصرین کے خیال میں اِس کی ایک وجہ اِس برس ہونے والے انتخابات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں امریکہ میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے معاشرے کے نچلے طبقات کو فائدہ ہوا ہے۔ انھوں نے معاشی نمو میں حالیہ تیزی کو 'بلو کالر بوم' کا نام دیا۔انھوں نے 'قیامت کی پیشگوئیاں' مسترد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی معیشت کا دفاع کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے گریٹا تھنبرگ کو براہ راست مخاطب نہیں کیا جو اس موقع پر 'آب و ہوا کی تباہی کو روکنے' کے موضوع پر ایک اجلاس کا افتتاح کر رہی ہیں۔

16 برس کی گریٹا تھنبرگ کا تعلق سویڈن سے ہے جو ماحول کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انھیں امریکا کے مشہور 'ٹائم میگزین' کی جانب سے سال 2019 کی شخصیت یعنی 'پرسن آف دی ایئر' قرار دیا گیا ہے۔عالمی رہنماؤں کے اِس سربراہی اجلاس میں 'ماحول کی تباہی' ایجنڈے میں سرِ فہرست ہے۔

نوبل انعام یافتہ ماہرِ معیشت جوزف سٹگلٹز نے صدر ٹرمپ کی تقریر پر تنقید کی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جوزف سٹگلٹز نے کہا ہے کہ یہ ایسا ہی ہے کہ ہم اپنی آنکھوں سے ایک چیز دیکھ رہے ہوں اور کہیں کہ وہ چیز وہاں نہیں ہے۔

source: bbc.com/urdu

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا