English   /   Kannada   /   Nawayathi

شہریت قانون سے متعلق امت شاہ کے بیان پر اکھلیش یادو نے دیا سخت رد عمل

share with us

لکھنؤ:22/ جنوری2020(فکروخبر /ذرائع) شہریت ترمیمی قانون (سی اےاے) کے سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ جمہوریت میں صرف اکثریت نہیں عوام کی رائے کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ امت شاہ کا یہ کہنا کہ ہر حال میں ہم سی اےاے، این آر سی، این پی آر کو نافذ کریں گے، ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی کی منشا اپنی اکثریت کے روڈ رولر سے عوام کو کچلنے اور آمریت پسندانہ اقدامات اٹھانے کی ہے۔ اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ غرور کی زبان سے اپوزیشن دبنے والی نہیں ہے۔ دوسروں کو نصیحتیں دینے والے پہلے خود تاریخ پڑھ لیں کہ عوام کی مخالفت کی آندھی کے سامنے کوئی نہیں ٹک پایا ہے۔

سابق وزیر اعلی نے میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دوبارہ اقتدار میں آنے پر بی جے پی قیادت کو ضرورت سے زیادہ غرورہو گیا ہے۔ جمہوریت میں صرف اکثریت نہیں عوامی رائے کا بھی اہم کردار ہوتاہے۔ عوامی رائے کو نظر انداز کرنے سے اقتدار کی ساکھ باقی نہیں رہتی۔ بی جے پی کی جن پالیسوں پر ملک گیر احتجاج ہو رہا ہے، اس کے تئیں بے حسی کا مظاہرہ جمہوریت کا صحت مند احساس نہیں اور یہ آئین کے بنیادی جذبے کی توہین کرنا بھی ہے۔

قومی آواز

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا