English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل :  سلطان یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقسیمِ تعلیمی ایوارڈ کا پروگرام 

share with us

 جو تعلیم خدا سے توڑے وہ تعلیم نہیں بلکہ جہالت ہے: مولانا محمد الیاس ندوی 

تعلیم صرف برائے ملازمت نہ ہو :  ڈاکٹر جاوید جمیل 

بھٹکل 16/ جنوری 2020(فکروخبر نیوز)  سلطان یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن بھٹکل کے زیر اہتمام آج تعلیمی ایوارڈ کی تقسیم کے لیے ایک پرو گرام کاانعقاد بعد عصر سلطانی مسجد کے عقبی حصہ میں کیا گیا جس میں ایس ایس ایل سی، پی یوسی اور ڈگری کے وہ طلباء وطالبات جنہوں نے اسی فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کیے اسی طرح عا  لمیت، فضیلت اور حفظ کی تکمیل کرنے والے طلباء کو بھی ایوراڈ سے نوازا گیا۔ کل ملاکر پچیس طلباء وطالبات کے درمیان انعامات تقسیم کیے گئے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے لیے اسٹیج پر موجود مہمانوں نے مبارکبادی پیش کرتے ہوئے اس امید کااظہار کیا کہ وہ مزید تعلیمی میدان میں آگے بڑھ کر قوم وملت کی خدمت کریں گے۔ 
    پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے تعلیم کے ساتھ ساتھ دین کو بھی مضبوطی سے تھامنے کی نصیحت کی۔ مولانا نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ دین سے وابستگی سے اللہ کی رضا حاصل ہوتی ہے۔ اصل میں تعلیم کا مقصد اللہ کی معرفت ہے اور ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ جو تعلیم خدا سے توڑے وہ تعلیم نہیں بلکہ جہالت ہے۔ آج کے زمانہ میں اس تعلیم کو دین سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ اسی تعلیم کے ذریعہ صرف بداخلاقی نہیں آرہی ہے بلکہ الحاد اور بد دینی بھی آرہی ہے۔ مولانا نے خصوصی طور پر ایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء اور عمومی طور پر وہاں موجود طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑی سی بڑی ڈگری حاصل کریں لیکن دینی شناخت کے ساتھ۔ ہماری طرہئ امتیاز یہ ہونا چاہیے کہ ہم جہاں بھی رہیں مسلمان بن کر رہیں گے اور اس کے بعد دنیوی میدان میں ترقی کریں۔ مولانا نے کہا کہ آج مسلمانوں کا تعلیمی تناسب بہت بڑھ رہا ہے لیکن افسوس اس بات پر ہے کہ تعلیم صرف برائے ملازمت اور حصولِ دولت کا ذریعہ بن رہی ہے۔ ہم مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمیں اس کے ذریعہ سے خدمتِ دین وخلق کی نیت کریں اور اسی کے مطابق آگے بڑھیں۔ مولانا نے اپنے تعلیمی میدان کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس میدان میں آگے بڑھنے پر ہماری ترقی ہوسکتی ہے اور قوم وملت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اسی میدان میں ہم آگے بڑھیں۔ 
    اینے پویا کالج کے اسلامک اسٹڈیز کے ذمہ دار جناب ڈاکٹر جاوید جمیل صاحب نے طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ نظریاتی،سیاسی اور مالی طور پر مستحکم ہونے پر غوروخوض کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی نصیحت کی۔ انہو ں نے کہا کہ ہم تعلیمی میدان میں تو آگے بڑھ رہے لیکن دیگر میدانوں میں ہمارا تناسب بہت کم ہے جس کی وجہ سے ان میدانوں میں ترقی نہیں ہوپارہی ہے۔ زمانہ بہت آگے بڑھ چکا ہے اور ترقی کرنے کے میدان بھی بہت وسیع ہیں۔ لہذا ہمیں نئے میدانوں کا انتخاب کرنا چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ تعلیم صرف ملازمت کے لیے نہ ہو بلکہ جس میدان میں ہم کام کریں اس پورے نظام کو اسلامی سانچہ میں ڈھالنے کی فکر اور کوشش بھی کریں۔ تب جاکر ہماری تعلیم کااصل فائدہ سامنے آئے گا۔ 
    بھٹکل انجمن انجینئرنگ کالج کے پرنسپال جناب مشتاق احمد باوی کٹے نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے طلباء کو کئی نصیحتیں کیں۔ پروگرام کی صدارت سلطان یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر جناب آفتاب کولا صاحب نے کی، اپنے صدارتی خطاب میں انہو ں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو خصوصی مبارکبادی پیش کی۔ 
    ملحوظ رہے کہ جلسہ کا آغاز مولوی عرفات میڈیکل کی تلاوت سے ہوا اور نعت حسن ابن عبدالقیوم سدی باپا نے پیش کی۔ مہمانو ں کا تعارف جناب ایس ایم پرویز صاحب نے کیا اور مولانا ابوبکر تونسے ندوی نے سلطان یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کا تعارف اور خدمات پر مختصراً روشنی ڈالی۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالنور فکردے ندوی نے انجام دئیے۔ دعائیہ کلمات جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا