English   /   Kannada   /   Nawayathi

 حرم شریف میں نصب کی جانے والی دیو قامت چھتریاں خراب نکلیں 

share with us

مکّہ مکرمہ۔16جنوری2020(فکروخبر /ذرائع)  آج سے کچھ عرصہ قبل حرم شریف اور مسجد نبوی میں بڑے سائز کی فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کی تیاریاں شروع کی گئی تھیں، جن کا مقصد شدید گرمی اور بارش کے موسم میں زائرین کو نمازکی ادائیگی میں سہولت دینا تھا۔ کیونکہ موسم گرما میں درجہ حرارت بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے صحنوں میں نماز کی ادائیگی میں مشکل ہو جاتی تھی اور کئی افراد بے ہوش بھی ہو جاتے تھے۔تاہم اب یہ خبر آئی ہے کہ حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا کام روک دیا گیا ہے۔ کیونکہ ان چھتریوں میں فنی خرابی کا انکشاف ہوا ہے۔ سعودی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حرم شریف کی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کی خاطر بڑے سائز کی فولڈنگ چھتریاں فراہم کرنے والی ایک غیر ملکی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا۔جس کے تحت مخصوص ڈیزائن کی ہائیڈرالک چھتریاں حرم شریف میں نصب کی جانی تھیں۔کمپنی کی جانب سے ایک فولڈنگ چھتری کا نمونہ بھیجا گیا۔ جس کی جانچ کی گئی تو پتا چلا کہ تنصیب کے لیے یہ چھتریاں موزوں نہیں رہیں گی۔ کیونکہ ان میں کچھ تکنیکی نقائص ہیں۔ جس کے بعد منگوائی گئی تمام چھتریاں واپس بھجوا دی گئی ہیں اور چھتری ساز کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کی چھتریاں دوبارہ تیار کر کے جلد از جلد بھجوائے کیونکہ ان چھتریوں کو آئندہ رمضان المبارک سے قبل نصب کیے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ رمضان کے دوران عمرہ پر آئے زائرین کو گر م موسم کے دوران بڑی راحت مِل سکے۔مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں 250 فولڈنگ چھتریاں نصب ہیں۔ 15.3 میٹر اْونچی ہر چھتری کا وزن 40 ٹن کے لگ بھگ ہے جبکہ کھولے جانے پر یہ 25 x 25 مربع میٹرکا رقبہ گھیرتی ہے۔ یہ چھتریاں گرمیوں کے موسم میں دوپہر کے وقت کھولی جاتی ہیں۔ ان چھتریوں کی وجہ سے 2 لاکھ 28 ہزار افراد گرمی کی شدت سے محفوظ رہ کر نماز ادا کر سکتے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا