English   /   Kannada   /   Nawayathi

پچاور سوامی کے انتقال پر جامعہ اسلامیہ بھٹکل اورپیامِ انسانیت فورم بھٹکل یونٹ کا وفد پہنچا اڈپی مٹھ، شری وشوا تیرتھا پرسنا سے کی ملاقات، آپسی بھائی چارہ کو فروغ دینے پر دیا گیا زور 

share with us

بھٹکل 15/ جنوری 2020(فکروخبر نیوز)  ہندوستان میں ادھر چند سالوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو جس تیزی کے ساتھ نقصان پہنچا ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ کچھ شرپسند عناصر ہندوستان کی اس گنگا جمنی تہذیب کو ختم کرنے پر تلے ہیں لیکن اس کے باوجود ہندو مسلم بھائی چارہ کو فروغ دینے کی کوششیں جب تک ہوتی رہیں گے اسے کوئی بھی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی ہے۔
    ابھی کچھ دنوں اڈپی مٹھ کے پجاور سوامی جی کا علالت کے بعد انتقال ہوگیا جس سے نہ صرف شہر اڈپی اور آس پاس کے افراد بلکہ ملک بھر کے لوگوں پر غم کا اثر دکھائی دے رہا ہے۔ ہندو دھرم کے گرو ہونے کی حیثیت سے ہندو طبقہ کے غمگین ہونے کی بات سمجھ میں آتی ہے لیکن اس کا اثر مسلمانوں پر بھی اس وجہ سے پڑا کہ ہندوستان کے چند مشہور ترین مٹھوں میں شمار اڈپی مٹھ کے پجاور سوامی کے مسلمانو ں سے بہترین تعلقات تھے۔انہی تعلقات کی بناء پر جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور پیامِ انسانیت فورم بھٹکل یونٹ کے ذمہ داران کے ایک وفد نے اڈپی مٹھ میں پہنچ کر تعزیت کا اظہار کیا اور وہاں کے پجاور سوامی شری وشوا تیرتھا پرسنا سے ملاقات کی۔ مٹھ کے ذمہ داروں نے وفد کا شاندار استقبال کیا اور کافی دیر تک ان سے تبادلہئ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پیامِ انسانیت فورم بھٹکل یونٹ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ بھٹکل والوں کے اڈپی مٹھ سے تعلقات کافی پرانے ہیں۔ بھٹکل میں منعقدہ کئی جلسوں میں پجاور سوامی جی شرکت کرچکے ہیں، وہ سیکولزم پر یقین رکھتے تھے اور اس کی بحالی کے لیے کوششیں بھی کرتے تھے۔ مولانا نے نو منتخب سوامی کو  جلسوں میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہو ں نے خوشی کا اظہار کرتا ہوئے شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 
    نومنتخب سوامی شری وشوا تیرتھا پرسنا نے کہا کہ ہم لوگ اپنے اپنے سماج کے ذمہ دار ہیں اور ہماری سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ ہم دونوں فرقوں کے تعلقات میں بہتری لانے کے لیے کوششیں کرتے رہیں۔ اپنے مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی کوشش کریں، انہو ں نے آئندہ بھی اس طرح کی نشستیں منعقد ہونے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ 
    واضح رہے کہ پجاور مٹھ ہندوستان کے چنیدہ مشہور مندروں میں سے ایک ہے جہاں پر صدر جمہوریہ سے لے کر وزارء اعظم، وزراء اعلیٰ اور مرکزی اور ریاستی وزیر وقتاً وقتاً آتے رہتے ہیں۔ پجاور سوامی کے انتقال پر ریاستی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔ یہ وقت عالمی اخبارکی سرخیوں میں آئے تھے جب انہو ں نے 2017میں مٹھ میں افطار کی دعوت کی تھی اور نمازِ مغرب کے لیے مٹھ کے حدود میں جگہ دی تھی جس پر انہیں ہندو سماج کے چند لوگوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے باوجود وہ اپنے اس اقدام پر قائم رہے اور کسی کی بھی پرواہ نہیں کی۔ وفدمیں پیامِ انسانیت بھٹکل یونٹ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی، امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، استاد حدیث مولانا محمد شعیب ندوی، استاد ادب مولانا محمد سمعان خلیفہ ندوی، انگریزی وکنڑ کے استاد جناب ماسٹر عبدالسمیع صاحب اور دیگر شامل تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا