English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایران امریکا کشیدگی، کویت نے اہم بیان جاری کر دیا

share with us

کویت:06جنوری 2020(فکروخبر/ذرائع) مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران کویت کی طرف سے اہم بیان جاری ہوا ہے جس میں کسی ملک کے خلاف فوجی اڈوں کے استعمال کی تردید کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کویت نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس کے فوجی اڈے کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کیے گئے، کویت نے اس سلسلے میں تمام افواہیں بے بنیاد قرار دے دی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کویتی مسلح افواج نے اپنے بیان میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرایع ابلاغ پر وائرل ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فوجی اڈے کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کیے گئے۔ کویتی حکام کا کہنا ہے کہ خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کے لیے ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کویتی شہری جعلی خبروں پر اعتبار نہ کریں۔

خیال رہے کہ ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے لیے قطر میں امریکی بیس بھی استعمال ہوئی تھی، غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرون العدید بیس سے بھیجا گیا تھا۔ عرب نیوز نے برطانوی ذرایع ابلاغ کے حوالے سے بتایا کہ قطر کے العدید ملٹری بیس سے اڑنے والے امریکی ڈرون نے دو ’ہل فائر ننجا میزائل‘ داغے تھے۔

بتایا گیا کہ ایک میزائل سے قاسم سلیمانی جب کہ دوسرے سے مہدی المہندس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ڈرون کو ریاست نیواڈا میں امریکی ائیر فورس کی بیس سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ بغداد میں ایرانی جنرل کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے ڈرون کی ناکامی کی صورت میں قطر کے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر سے ایک اور ڈرون بھی اڑایا گیا مگر اس کے استعمال کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

واضح رہے کہ جمعے کو امریکا کی جانب سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہو گئے تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا