English   /   Kannada   /   Nawayathi

'اونروا' کے مینڈیٹ میں توسیع فلسطینی پناہ گزینوں کی فتح ہے: عرب لیگ

share with us

قاہرہ:15دسمبر2019(فکروخبر/ذرائع)عرب لیگ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی 'اونروا' کے مینڈیٹ میں توسیع کا خیر مقدم کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون برائے فلسطینی امور سعید ابو علی نے قاہرہ میں پریس کو جاری ایک بیان میں کہا کہ عرب لیگ نے 'اونروا' کے مینڈیٹ میں توسیع اور عالمی برادری کی طرف سے امدادی ایجنسی کی مالی مدد جاری رکھنے کے فیصلے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'اونروا' کے مینڈیٹ میں توسیع سے فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات میں کمی آئی گی اور ان کے حقوق کے حصول میں مدد ملے گی۔ عرب لیگ اس فیصلے کو عالمی قانون کی فتح اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کےمطالبے کے حتمی حل کی فتح قرار دیتی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ میں ہونے والی رائے شماری میں اونروا کے مشن میں مزید تین سال کی توسیع کی گئی تھی۔ دوسری طرف امریکا اور اسرائیل اس ادارے کے مینڈیٹ میں توسیع کے سخت خلاف ہیں۔

'اونروا' کا قیام سنہ 1948ء میں عمل میں لایا گیا اور اس ادارے کے ذمہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق اور ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ اقوام متحدہ کی قرارداد 302 اور 194 میں فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی یا ان کے مسئلے کے حل تک ان کی بہبود کے لیے اونروا کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔

گذشتہ برس امریکی حکومت نے اونروا کو دی جانے والی امداد بند کردی تھی جس کے نتیجے میں یہ امدادی ایجنسی بدترین  مالی بحران کا شکار ہوئی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا