English   /   Kannada   /   Nawayathi

شہریت ترمیمی بل منظور ہونے کے بعد شمال مشرقی ریاستوں میں سڑکوں پر اترے لوگ ، لگےمودی شاہ مخالف نعرے

share with us

آسام:10دسمبر2019(فکروخبر/ذرائع)شہریت ترمیمی بل کے خلاف شمال مشرقی ریاستوں میں ہنگامہ برپا ہے۔ آسام کے کئی حصوں میں آتشزدگی اور احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس بل کے خلاف نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور آل آسام اسٹوڈنٹ یونین نے آج صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک 12 گھنٹے کے بند کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف ڈبرو گڑھ میں طلبا تنظیم سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں اور انھوں نے سڑکوں پر کئی چیزوں کو نذرِ آتش کیا۔ اس بل کے خلاف لوگ سڑکوں پر اتر کر مودی مخالف نعرے لگا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق آسام کے جورباٹ میں لوگوں نے جم کر سڑکوں پر ہنگامہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیمی بل سے آسام کے لوگوں کے لیے پریشانیاں کھڑی ہو جائیں گی اور یہ آئینی اقدار کے بھی خلاف ہے۔ قابل غور ہے کہ یہ بل لوک سبھا میں پاس ہو چکا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بدھ کے روز یہ راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔

بہر حال، شہریت ترمیمی بل پر ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے گواہاٹی یونیورسٹی اور ڈبرو گڑھ یونیورسٹی نے کل ہونے والے امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ بند کے اعلان کے مدنظر آسام، اروناچل پردیش، میگھالیہ، میزورم اور تریپورہ میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ تریپورہ میں بھی لوگ اس بل کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اس درمیان ناگالینڈ میں چل رہے ’ہارنبل مہوتسو‘ کی وجہ سے ریاست کو بند کے دائرے سے باہر رکھا گیا ہے۔ لیکن دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے زور و شور سے جاری ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کے اصل باشندوں کو خوف ہے کہ اس بل کے قانون بننے کی صورت میں حقیقی باشندوں کی شناخت اور ان کی روزی روٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا