English   /   Kannada   /   Nawayathi

کیرلا کے کالیکٹ میترا اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ حاصل کرنے والی ٹیم پہنچی بھٹکل 

share with us

بھٹکل مسلم خلیج کونسل نے کی تہنیت، فیڈریشن کی خدمات کو بھی سراہا گیا، چوبیس گھنٹے طبی امداد کے لیے رہیں گے دستیاب


بھٹکل 28/ نومبر 2019(فکروخبر نیوز)  شہر میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے بھٹکل مسلم خلیج کونسل اور مسلم یوتھ فیڈریشن بھٹکل کی کوششوں سے ایک ایسی ٹیم تیار کی جارہی ہے جو حادثات اور دیگر ایمرجنسی مواقع پر اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کریں۔ اس سلسلہ میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داروں نے جب بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے ذمہ داروں کے سامنے بات رکھی تو انہو ں نے فوری طور پر اس کو روبہ عمل لانے کے لیے کوششیں تیز کردیں اور فوری طور پر تین افراد پر مشمل ایک گروپ کالیکٹ کے میترا اسپتال روانہ کیا جہاں انہو ں نے دلوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر فیصل اور دیگر ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں 45روز کی ٹریننگ حاصل کرکے بھٹکل لوٹ چکے ہیں۔
    اس موقع پر منعقدہ رابطہ سوسائٹی کے دفتر میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں عبدالباسط رکن الدین، مسعود برماور اور عائشہ کوذمہ داروں نے مبارکبادی پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ خلیج کونسل کے ایک اہم ذمہ دار جناب پلور محمد صادق صاحب نے کہا کہ ایک عرصہ سے ابتدائی طبی امداد کے سلسلہ میں کونسل کی کوششیں جاری تھیں۔ جب فیڈریشن کے ذمہ دارو ں نے اس طرف ہماری توجہ مبذول کرائی تو اس سلسلہ میں غوروخوض کیا گیا اورکالیکٹ کے میترا اسپتال کے ڈاکٹر فیصل سے رابطہ کرکے ان کے سامنے اس تجویز کو رکھا گیا جنہو ں نے اس پر اپنی بے انتہا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے اس پہلے گروپ کے بھٹکل پہنچنے پر ان کا ستقبال کیا اور اسے ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس میدان میں قوم کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے یہ قدم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ 
جناب ایس جے ہاشم صاحب نے بھی اپنے تأثرات کے اظہار کے دوران بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن سے آئندہ بھی اس طرح نوجوانوں کو تیار کرکے ٹریننگ کے لیے بھیجنے کے سلسلہ میں کوششیں کرنے پر زور دیا۔ 
فیڈریشن کے صدر جناب امتیاز ادیاور نے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کالیکٹ میں قائم بھٹکلی جماعت کے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہو ں نے کہا کہ اب الحمدللہ یہ تین افراد پر مشتمل ٹیم طبی امداد کے لیے چوبیس گھنٹے حاضر رہے گی۔ انہوں نے خصوصی طور پر اس بات کا اظہار کیا کہ جن تین افراد کو ٹریننگ کے لیے بھیجا گیا تھا وہ پہلے سے میڈیکل میدان سے جڑے ہوئے ہیں، اس وجہ سے مناسب سمجھا گیا کہ پہلے مرحلہ میں انہیں بھیج کر تیار کیا جائے۔ ٹریننگ حاصل کرنے والوں نے بھی بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے ساتھ ساتھ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور کالیکٹ جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے جنرل سکریٹری نصیف خلیفہ، جناب میراں محتشم،جناب ناہید کولا، کونسلر قیصر محتشم سمیت میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا