English   /   Kannada   /   Nawayathi

کرناٹک: سابق وزیر روشن بیگ کو جھٹکا، بی جے پی میں نہیں ہو پائی شمولیت

share with us

بنگلورو۔ 14 نومبر 2019 (فکروخبر/ذرائع) کرناٹک کے سابق ریاستی وزیر آر روشن بیگ کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب کرناٹک اسمبلی کے نااہل قرار دئیے گئے کانگریس اور جے ڈی (ایس) کے کل 17 میں سے 16 ارکان اسمبلی نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اور انہیں بی جے پی میں شامل نہیں کیا گیا۔ بنگلورو میں پارٹی کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران شیواجی نگر کے سابق کانگریس لیڈر اور سابق ایم ایل اے روشن بیگ کو چھوڑ کر تمام نااہل قرار دئیے گئے ارکان اسمبلی کو بی جے پی میں شامل کر لیا گیا۔ آر آر نگر اور مسکی انتخابی حلقوں کو چھوڑ کر اگلے ماہ دسمبر میں پندرہ حلقوں میں ضمنی اسمبلی انتخابات ہوں گے۔

بتا دیں کہ اس سے پہلے کل بدھ کے روز سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں کرناٹک کے ان 17 باغی ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے والے فیصلے کو جائز ٹھہرایا تھا، لیکن انہیں اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔ جسٹس این وی رمن کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے باغی ممبران اسمبلی کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت اسمبلی اسپیکر کے رمیش کمار کی طرف سے باغی ممبران اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کا فیصلہ درست تھا۔ تاہم،عدالت نے واضح کیا کہ پوری مدت کے لئے نااہل ٹھہرانے کا اسپیکر کا فیصلہ مناسب نہیں تھا۔

ان اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے سے جولائی میں کرناٹک میں بی جے پی کے لئے حکومت بنانے کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔ بدھ کے روز سپریم کورٹ نے ان ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے والے فیصلے کو برقرار رکھا لیکن انہیں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

بی جے پی نے ایک دیگر نااہل قرار دئیے گئے رکن اسمبلی روشن بیگ کو آج اپنی پارٹی میں شامل نہیں کیا۔ بنگلورو میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے میڈیا اہلکاروں کو بتایا کہ روشن بیگ کے سلسلہ میں بات چیت جاری ہے اور پارٹی میں ان کی شمولیت کو لے کر ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ روشن بیگ سات بار کے رکن اسمبلی اور کانگریس حکومت میں سابق وزیر رہے ہیں۔

کانگریس نے روشن بیگ کو ان کی پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں 19 جون کو معطل کردیا تھا۔ روشن بیگ پر الزام تھا کہ انہوں نے کانگریس کے ریاستی لیڈروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے تھیاور پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

 

ذرائع :  نیوز 18

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا