English   /   Kannada   /   Nawayathi

حنیف ویلفیر اسوسی کی جانب سے جلسہ سیرت النبی ﷺ کا کامیاب انعقاد 

share with us


اپنے بچوں کو نماز کا پابند بنائیں اور ان کے اخلاق پر کڑی نظر رکھیں :  مولانا محمد الیاس ندوی 


بھٹکل 09/ نومبر 2019(فکروخبر نیوز) حنیف ویلفیراسوسی ایشن حنیف آباد بھٹکل کی جانب سے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جلسہ سیرت النبی  ﷺ اور حنیف ویلفیر کے حدود کی پانچوں مساجد (مسجد عمیر، مسجد طلحہ، مسجد فاطمہ، مسجد منیری اور مسجد ابوبکر صدیق) کے شبینہ مکاتب کے طلباء کے درمیان مسنون دعاؤوں اور کوئز مسابقہ کا انعقاد کیا گیا، طلباء نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پروگرام کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ ننھے منے طلباء نے دعاؤوں اور سیرت سے متعلق منعقدہ کوئز کے لیے بڑی محنت کی جس کا اندازہ پروگرام سے ہی لگایا جاسکتا ہے۔ کوئز کے سوالات اسکرین کے ذریعہ پوچھے گئے۔ طلباء نے اس قدر محنت کی تھی کہ اسکرین پر سوال کے شروعاتی الفاظ نظر آنے پر ہی صحیح جواب دینے کے لیے تیار رہتے تھے۔ پروگرام کی طلباء نے اس انداز سے تیاری کی تھی کہ حکم صاحبان کو فیصلہ کرنے میں دشواری ہوئی۔ کوئز کے سفلیٰ گروپ میں حکم صاحبان نمبرات مساوی ہونے سے اس قدر پریشان ہوئے کہ بالآخر انہو ں نے تینوں ممتاز ٹیموں کو اول مقام دیا، یوں مسابقہ میں شریک سیرت کوئز کے سفلیٰ گروپ کی تینوں ٹیموں نے اول مقام حاصل کیا۔ حاضرین کی بڑی تعداد کی موجودگی نے طلباء کی ہمت افزائی میں اہم کردار ادا کیا۔ تعلیمی میدان میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو تعلیمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔جس کی تفصیلات حنیف ویلفیر کے جنرل سکریٹری مولانااحمدایاد ایس ایم ندوی نے پیش کی۔ اجلاس میں بطورِ مہمانِ خصوصی استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے شرکت کی۔ مہمانِ اعزازی کے طور پر استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد انصار خطیب ندوی مدنی، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر جناب ایس ایم پرویز صاحب، تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی، سکریٹری مسجد عمیر جناب فیصل پیشمام صاحب، سکریٹری مسجد فاطمہ مولانا عبداللہ ندوی، اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے استاد جناب صادق شیخ،صدر مسجد طلحہ جناب شفیع صاحب، جناب سید جعفر بافقی صاحب اور حنیف ویلفیر کے صدر جناب نثار رکن الدین صاحب وغیرہ موجود تھے۔ نظامت کے فرائض مولوی ابوالحسن ایس ایم نے بحسن خوبی انجام دیئے۔

 

اپنے بچوں کو نماز کا پابند بنائیں اور ان کے اخلاق پر کڑی نظر رکھیں :  مولانا محمد الیاس ندوی 
   جلسہ میں بطورِ مہمانِ خصوصی شریک مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے معاشرہ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ دراصل آج ہم نے اپنے بچوں کی صحیح تربیت کی فکر نہیں کی جس کی وجہ سے ان کے اخلاق متأثر ہورہے ہیں اور تعجب کی بات یہ ہے کہ ہمیں اس کا احساس بھی نہیں ہے۔ مولانا نے کہا کہ سب سے بنیادی چیز اپنے ایمان کی حفاظت ہے جس کے لیے ہمیں ہمہ وقت فکر مند رہنے کی ضرورت ہے۔ 
    انہوں نے اپنے ہی معاشرہ کے ان لوگو ں کا تذکرہ کرتے ہوئے حاضرین کے ایمان کوجھنجھوڑنے کی کوشش کی کہ ایک دور میں ہمارے اپنے گھروں میں نماز کی اس قدر پابندی تھی کہ نماز چھوڑنا تو دور کی بات بلکہ اول وقت چھوڑکر نماز نہیں پڑھی جاتی تھی لیکن آج حالات اس قدر تیزی سے تبدیل ہوگئے ہیں کہ ہمارے بچوں کو نماز کی پابندی ہی نہیں ہے۔ اگر پابندی ہے بھی تو نماز کی روح ختم ہوچکی ہے۔ مسجدوں کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں کتنے ایسے لوگ ہیں جنہیں باجماعت  نماز کی فکر رہتی ہے بلکہ اکثر تو نوجوان جماعت چھوڑ کر نماز ادا کرتے ہیں اور اگر مسبوق ہوجائیں تو اس قدر تیزی سے اپنے بقیہ رکعات ادا کرتے ہیں کہ اتنے وقت میں ایک رکعت بمشکل ادا کی جاسکتی ہے۔ 
    مولانا نے اپنے عقیدے کی فکر کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے منظر عام پر آنے پر ہم اس کے اسباب پر غور کرنے کے بجائے ہمارا ذہن وہاں تک پہنچتا ہے جہاں ہمارے ایمان کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ ہر کسی واقعہ کو جادو منتر کے نظریہ سے دیکھ کر اپنے عقیدے کو بگاڑنے کی شکلیں ہم خود پیدا کررہے ہیں۔ 
    مولانا نے اپنے خطاب میں بچوں کی تربیت پر زور دیتے ہوئے ان کے اوقات کے تعلق سے فکر مند ہونے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کے دیر سے گھر آنے پر پوچھ تاچھ کرنی چاہیے اور ان کی صحیح صورتحال سے واقف ہوتے ہوئے ان کی بہترین تربیت کرنے کی فکر کرنی چاہیے۔ 
    مولانا نے جلسہ کے انعقاد پر حنیف ویلفیر اسوسی ایشن کے اراکین کو مبارکبادی بھی پیش کی۔ 

نتائج کی تفصیلات 
مسنون دعائیں مسابقہ میں اول :  مسجد عمیر   دوم :  مسجد منیری 
سیرت کوئز سفلی میں تینوں گروپ اول رہے :  مسجد طلحہ ،  مسجد منیری
سیرت کوئز علیا میں اول  مسجد عمیر    دوم :  مسجد طلحہ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا