English   /   Kannada   /   Nawayathi

یوگی حکومت میں نو تعمیر ’بھگوا بیت الخلاء‘ کو لوگوں نے سمجھا مندر، کرنے لگے پوجا

share with us

:07/نومبر 2019(فکروخبر/ذرائع)اتر پردیش میں یوگی حکومت آنے کے بعد سے اگر کوئی رنگ سب سے زیادہ سرخیوں میں رہا ہے تو وہ ہے ’بھگوا‘ رنگ۔ اسپتالوں کی بیڈ شیٹ ہو یا سرکاری بسیں، سبھی کا رنگ بھگوا ہو گیا۔ کئی مشہور عمارتیں بھی بھگوا رنگ میں رنگ گئیں اور حد تو یہ ہے کہ صفائی مہم کے تحت یو پی کے کئی علاقوں میں تعمیر بیت الخلاء کی دیواریں بھی بھگوا ہو گئیں۔ جی ہاں، بیت الخلاء کی دیوار بھگوا رنگ سے رنگے جانے کا معاملہ ریاست کے حمیر پور ضلع میں دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں ایک گاؤں میں تقریباً ایک سال قبل بنے بیت الخلاء کی دیوار پر ٹھیکیدار نے بھگوا رنگ چڑھا دیا اور اس پر تالا لگا دیا۔ حیرانی کی بات ہے کہ کسی کو یہ خبر نہیں ہوئی کہ یہ بیت الخلاء ہے اور تالہ بند بھگوا رنگ میں رنگے دیوار کو لوگوں نے مندر سمجھ لیا۔ پھر کیا تھا، سبھی وہاں پر پوجا کرنے لگے۔

یہ پورا واقعہ حمیر پور ضلع کے موداہا گاؤں کا ہے۔ یہاں گزشتہ ایک سال سے گاؤں والے اسے بیت الخلاء کو مندر سمجھ کر پوجا کر رہے تھے۔ کسی کو نہیں پتہ تھا کہ اس مندر میں کس دیوتا کی مورتی ہے، کیونکہ اس کے دروازے تو ہمیشہ سے ہی بند تھے۔ کسی نے اندر جھانک کر ابھی تک دیکھا ہی نہیں تھا۔

گاؤں کے ایک باشندہ راکیش چندیل بتاتے ہیں کہ ’’یہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں بنا ہوا تھا اور اس کا رنگ بھگوا تھا اور دیکھنے میں مندر کی طرح معلوم ہوتا تھا۔ لوگوں کو لگا کہ یہ مندر ہی ہے اور انھوں نے بغیر کسی سے پوچھے اس کے باہر پوجا شروع کر دی۔ لیکن ابھی کچھ دن پہلے افسروں نے بتایا کہ یہ تو بیت الخلاء ہے۔‘‘

چندیل نے مزید بتایا کہ بیت الخلاء کے رنگ سے لوگوں کو اس کے مندر ہونے کی غلط فہمی ہوئی۔ بہر حال اب اس کا رنگ بدل کر گلابی کر دیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ بیت الخلاء تقریباً ایک سال پہلے بنا تھا، لیکن تب سے ہی اس پر تالا لگا تھا۔

اس سلسلے میں موداہا نگر پنچایت کے چیئرمین رام کشور کا کہنا ہے کہ ’’یہ پبلک ٹوائلٹ تھا اور اسے ایک سال پہلے نگر پالیکا پریشد نے بنایا تھا۔ ٹھیکیدار نے اسے بھگوا رنگ میں رنگ دیا جس سے لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہو گئی اور انھوں نے مندر سمجھ کر اس کی پوجا شروع کر دی۔‘‘

اب بیت الخلاء کا رنگ بدلے جانے کے بعد غلط فہمی دور ہو گئی، لیکن بیت الخلاء ابھی تک شروع نہیں ہوا ہے کیونکہ اب اس معاملے میں افسر ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں۔ غور طلب ہے کہ اتر پردیش کے کئی اضلاع میں ’سوچھ بھارت ابھیان‘ کے تحت بنائے گئے بیت الخلاء کو بھگوا رنگ مین رنگ دیا گیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا