English   /   Kannada   /   Nawayathi

مختلف موضوعات پر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے بلائی پریس کانفرنس 

share with us

بابری مسجد فیصلہ کے موقع پر امن وامان کی اپیل کی،  110کے وی سب اسٹیشن اوراہم شاہراہ توسیعی مرحلہ پر بھی دی تفصیلات 

بھٹکل 07/ نومبر 2019(فکروخبر نیوز)  مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے مختلف امور کے سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس بلائی جس میں تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے ملی اور قومی مسائل کے ساتھ ساتھ شہر کے مسائل کے حل کی طرف کی جانے والی پیش قدمی اورمختلف سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تنظیم حتی المقدر کوشش کرتی ہے اور مختلف افسران سے ملاقات کرکے ان کے علم میں ان مسائل کو لاتے ہوئے ان کے حل کی طرف ان کی توجہ نہ صرف مبذول کراتی ہے بلکہ اس کام کے نہ ہونے کی وجوہات کا بھی پتہ لگاتی ہے۔ 

110کے وی سب اسٹیشن 
جنرل سکریٹری نے اخباری نمائندو ں کو بتایا کہ شہر کے ساگر روڈ پر 110کے وی سب اسٹیشن کا کام جاری ہے لیکن بعض وجوہات کی بناء پر وہ کام تکمیل کو نہیں پہنچ رہا ہے۔ یہاں پر مسئلہ فوریسٹ اراضی کا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہئ بجلی کے افسران سے بات چیت ہوچکی ہے اور تنظیم کے ذمہ داران نے ان سے خصوصی ملاقات کرکے اس کام کو جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل ضلع کے آخری حد پر واقع ہے، درمیان میں کئی تعلقے آتے ہیں اور کمٹہ میں بجلی کاٹی جانے پر ہوناور، منکی، مرڈیشور اور بھٹکل ان تمام علاقوں میں بجلی بحال نہیں کی جاسکتی ہے۔ مزید بتایا کہ کوشش اس بات کی ہورہی ہے کہ بھٹکل میں ایک جگہ سے بجلی چلے جانے پر دوسری جگہ سے اسکا بندوبست ہوجائے، اس سلسلہ میں ان کا کہنا ہے کہ بیندور میں 110کے وی سب اسٹیشن کا کام ہورہا ہے اور وہاں سے لائن لانے کے منصوبہ پر بھی بات چیت ہورہی ہے۔ 
    ہیسکام سے ہونے والی عوامی شکایات بیان کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ہم نے افسران سے مل کر اس بات کا اظہار کیا ہے کہ دفتر میں افسران لوگوں کے مسائل جان کر ان کا حل نہیں بتاتے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں۔ سب سے پہلے مسائل سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بل کے زیادہ آنے کی شکایتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، سال میں ایک مرتبہ میٹر ریڈنگ چیک کرنے کی ضرورت ہے لیکن افسران کا کہنا ہے کہ عملہ کی قلت کی وجہ سے ایسا نہیں ہوپارہا ہے۔ افسران نے جلد ہی ان مسئلہ کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

اہم شاہراہ توسیعی کام (فور لین ہائے وے) 
شہر سے گذرنے والی اہم شاہراہ66کے توسیعی منصوبے کے تحت بہت جلد یہاں مکمل طور پر کام شروع ہونے والا ہے۔ موجودہ سب سے بڑا مسئلہ مقامی عوام کے لیے کراسنگ چھوڑنے کا ہے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری نے بتایا کہ پرانے چلیس ہوٹل کے پاس سے رنگن کٹے رائس مل کے قریب تک سڑک کی چوڑائی تیس میٹر ہوگی۔ اس کے بعد سے نور مسجد کے قریب تک چوڑائی چالیس میٹر رہے گی۔ اس درمیان حنیف آباد کراس، تینگن گنڈی کراس، ہوٹل سٹی لائٹ کراس، نوائط کالونی اور جالی روڈ پر کراسنگ چھوڑنے کے لیے بھی ان سے درخواست کی جاچکی ہے۔ انہو ں نے مزید یہ بھی بتا یا کہ افسران کے مطابق دو سے تین کلومیٹرتک کوئی بھی کراس نہیں چھوڑا جاسکتا ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ بھٹکل اہم شاہراہ پر کتنے کراسنگ چھوڑے جائیں گے۔ 

بابری مسجد فیصلہ پر امن وامان کی اپیل 
تنظیم کے جنرل سکریٹری نے بابری مسجد فیصلہ پر امن وامان کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارے ملکی سطح کے ذمہ داروں نے جن باتوں کی عوام سے اپیل کی ہے اس کو مضبوطی سے تھامیں اور اس بات کو ہمیشہ مد نظر رکھیں کہ ہماری کسی بھی حرکت سے کسی کو نقصان نہ پہنچائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر دیگر مذاہب کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے بھی شہر میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے تعاون لیا جاسکتا ہے۔ انہو ں نے بھٹکل کے مسلمانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل تنظیم کی جانب سے کی گئی کوششوں کامیاب ہوئیں اور عوام نے بڑا تعاون دیا۔اب بھی امید ہے کہ عوام شہر کے امن وامان کو بحال رکھنے میں محکمہئ پولیس کے ساتھ ساتھ تنظیم کا بھی بھر پور تعاون کریں گے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا