English   /   Kannada   /   Nawayathi

ترکی شام میں عسکری کارروائی روک دے، میرکل کا مطالبہ

share with us

برلن:17اکتوبر2019(فکروخبر/ذرائع)جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شمالی شام میں عسکری کارروائی روک دے۔ انہوں نے کہا کہ اس فوجی کارروائی سے شام کے پہلے سے ہی بگڑے حالات مزید ابتر ہو رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ڈی پی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک فورسز کو شمالی شام میں اپنی کارروائی ترک کر دینا چاہیے۔ میرکل نے جمعرات کے دن پارلیمان میں ایک تقریر میں کہا کہ شام میں ترک عسکری کارروائی کی وجہ سے جنگ سے تباہ حال اس ملک میں لوگوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

میرکل نے کہا کہ ترکی نے تقریبا 3.6 ملین شامی مہاجرین کو پناہ دے کر یورپ کو مہاجرین کے بحران سے نمٹنے میں مدد فراہم کی ہے۔ جرمن چانسلر کے مطابق تنقید کے باوجود وہ یورپ اور ترکی کے مابین ہونے والے مہاجرین کے معاہدے کا دفاع کرتی رہیں گی۔

ترکی نے کرد باغیوں سے نمٹنے کی خاطر شام میں اپنی عسکری کارروائی کا آغاز نو اکتوبر کو کیا تھا۔ اس کارروائی میں ترک فورسز بالخصوص شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔ انقرہ حکومت ان جنگجوؤں کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے منسلک قرار دیتی ہے۔ کرد باغی ترکی میں آزادی کی مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترکی ان باغیوں اور ان سے وابستہ تمام جنگجو گروہوں کو ‘دہشت گرد‘ قرار دیتا ہے۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو آج انقرہ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پومپیو کی کوشش ہو گی کہ وہ شام کے شمالی حصے میں فائر بندی کی خاطر ترکی کو رضا مند کر لیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا