English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس حادثہ کا شکار ، ۳۵ زائرین جاں بحق

share with us
ریاض:17اکتوبر2019(فکروخبر/ذرائع)مدینہ منورہ کے قریب الہجرہ روڈ پر المناک ٹریفک حادثے میں ۳۵ عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے ہیں  جن کی سوختہ لاشیں مردہ خانوں میں منتقل کردی گئی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق بدھ اور جمعرات کے درمیان ہائی وے پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ بس میں سوار تمام زائرین مملکت میں مقیم تھے۔ یہ عمرہ زائرین تھے جو ریاض سے ہجرہ روڈ کے ذریعہ مکہ مکرمہ جارہے تھے۔
مدینہ منورہ پولیس نے کہا ہے کہ بس کا ڈرائیور شامی تارک وطن تھا جس کی سوختہ لاش اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہے۔
ادھر حادثے کی اطلاع ملتے ہی گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور واقعہ کے اسباب جاننے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔
سعودی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اس کی 20 ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں اور متوفین کو بس سے نکال کر مردہ خانے منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایاگیا۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ حادثہ بدھ کی شب 18 بجکر 49 منٹ پر ہوا تھا۔ جب ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے جبکہ باقی مسافر بس میں جل کر سوختہ ہوگئے۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ حادثے میں 35  مقامی عمرہ زائرین ہلاک اور4 زخمی ہوگئے ہیں جن  کا تعلق مختلف ملکوں سے ہے، متوفین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا