English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل کے تینگن گنڈی علاقہ میں گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے بجلی ندارد،مقامی لوگوں میں پایا جارہا ہے شدید غصہ 

share with us

بھٹکل 09/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز)  ساحلِ سمندر پر بسنے والے تینگن گنڈی علاقہ کے عوام گذشتہ اڑتالیس گھنٹو ں سے بجلی کی خدمات سے محروم ہیں۔ مقامی لوگوں کی جانب سے کی گئی ہزار کوششوں کے باوجود بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔ بجلی کی وجہ سے عوام کو بنیادی ضرورت پانی کی فراہمی نہ ہونے سے بہت زیادہ مسائل کھڑے ہورہے ہیں۔ یہاں موجود مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی میں پانی نہ ہونے سے آج چھٹی کا اعلان کیا گیا۔ بجلی نہ ہونے سے مقامی عوام میں شدید غصہ پایا جارہا ہے۔ کئی مرتبہ ہیسکام کے ذمہ داران سے رابطہ کے باوجود بھی بجلی بحال نہیں ہوسکی۔ فکروخبر کے مطابق پیر کے روز رات کے اوقات میں سخت کڑک اور گرج کے نتیجہ میں وہاں کے ٹرانسفرمر میں کچھ خرابی پیدا ہوگئی اور پورے علاقہ میں اندھیرا پھیل گیا۔ مقامی لوگوں نے رات بھر بجلی کا انتظار کیا لیکن بجلی بحال نہ ہوسکی۔مقامی عوام کے مطابق دوسرے روز صبح میں ہیسکام کے عملہ نے دوسرا ٹرانسفرمر نصب کیا لیکن بجلی بحال نہ ہوسکی۔ ہیسکام سے رابطہ کرنے پر بجلی بحال ہونے کا جھوٹا دلاسہ عوام کو دیتے رہے لیکن دن بھر تو کیا رات بھر بجلی بحال نہیں ہوئی۔ آج صبح سے ہی مقامی لوگوں نے دوبارہ ہیسکام سے رابطہ کیا تو اانہوں نے کہا کہ ہوناور سے نیا ٹرانسفرمر لایا جارہا ہے اور تقریباً گیارہ سے بارہ بجے کے درمیان علاقہ میں بجلی بحال ہوجائے گی۔ نیا ٹرانسفر مر نصب کے بعد ایک نیا ہنگامہ شروع ہوگیا۔ اس وقت بھٹکل کے کئی علاقوں میں بھی بجلی نہیں تھی جس کی وجہ سے مقامی عوام کو بجلی کے بارے میں پتہ نہیں چلا۔ عوام کا غالب گمان یہ تھا کہ نیا ٹرانسفرمر نصب کرنے کے بعد بجلی بحال ہوجائے گی لیکن بجلی پڑوسی علاقوں میں بحال ہونے پر پتہ چلا کہ ہیسکام کے عملہ نے علاقہ کے ایک ہی حصہ میں بجلی بحال کی ہے۔ مقامی لوگو ں نے فکروخبر کو بتایا کہ ایک ہی حصہ میں بجلی بحال ہونے سے نوجوان مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فوری طور پر ہیسکام دفتر پہنچ کر اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کی۔ عوام کے مطابق افسران کا کہنا تھا کہ ٹرانسفرمر لوڈ برداشت نہیں کرسکتا ہے اس وجہ سے ایک ہی حصہ میں بجلی فراہم کی گئی، خبر لکھے جانے تک بھی وہاں بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے۔ مقامی لوگوں میں ہیسکام کے تعلق سے شدید غصہ پایا جارہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بجلی کا بل ادا نہ کیے جانے پر وہ بجلی کنکشن کاٹ لیتے ہیں اور اس وقت وہ کوئی بھی عذر قبول نہیں کرتے لیکن اب کئی کئی گھنٹوں سے بجلی نہیں ہے اب ہیسکام کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ عوام اب یہی سوال کررہی ہے کہ جب بجلی بحال نہ ہونے کی اطلاع افسران کو باربار دی جارہی تھی تو افسران نے اس کو سنجیدگی سے کیوں نہیں لیا۔ جبکہ افسران سے پوچھے جانے پر ان کا یہی کہنا ہے کہ وہ بجلی بحالی کی لگاتار کوشش کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا