English   /   Kannada   /   Nawayathi

گاندھی جینتی پر سوچھ بھارت ابھیان کا اہتمام، ہیبلے پنچایت حدود کے حنیف آباد اور رحمت آباد میں جمع شدہ کچروں کے ڈھیر پر اس کا کوئی اثر نہیں 

share with us

بھٹکل 03/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز)  گاندھی جینتی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے سوچھ بھارت ابھیان کی شروع کی گئی تحریک پر ہر شہروں میں صفائی ستھرائی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تعلقہ کے بلدیہ ملازمین اس میں حصہ لیتے ہیں اور ایم ایل اے اور دیگر سرکاری افسران بھی اس کا حصہ ہوتے ہیں اور کسی ایک جگہ اس کو انجام دے کر تصاویر بھی کھینچیں جاتی ہے اور بڑے اہتمام کے ساتھ اخبارات ان تصاویر کو شائع کرتے ہیں۔ لیکن شہر کے کچھ ایسے علاقوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے جہاں مہینوں سے کچرہ نکاسی کا مسئلہ لوگوں کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے۔صفائی ستھرائی کا اہتمام نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو جو تکالیف اور پریشانیاں ہوتی ہیں اور اس کے ذریعہ سے جو بیماریاں پھیلتی ہیں اس سے نہ صرف صفائی ستھرائی کا اہتمام نہ کرنے والے لپیٹ میں آجاتے ہیں بلکہ محلے میں بسنے والے وہ افراد بھی اس کا شکار ہوجاتے ہیں جو اپنے گھروں میں صفائی کا خاص اہتمام کرتے ہیں۔ 
بھٹکل تعلقہ کا ہیبلے گرام پنچایت حدود کے کئی علاقوں میں وقتاً فوقتاً کچروں کے ڈھیر جمع ہوجاتے ہیں۔ اس سے قبل بھی فکروخبر نے اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لوگوں کو صفائی ستھرائی کی طرف خاص توجہ دینے کی درخواست کی تھی لیکن اس کے باوجود کچھ محلوں میں نہ صرف کچروں کے ڈھیر جمع ہیں بلکہ ان سے نکلنے والی بدبو سے وہاں سے گذرنا دشوار ہے۔ جامعہ آباد روڈ پر کھڑی مشین کے قریب کچروں کا ڈھیر لگا ہوا ہے، اسی طرح حنیف آباد کراس پر بھی کچروں کے جمع ڈھیر سے وہاں کے عوام پریشان ہیں۔ متعلقہ پنچایت میں کچروں کی نکاسی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے بعض غیر سرکاری اداروں نے اس سلسلہ میں اپنا تعاون پیش کیا اور گھر گھر سے کچرہ اٹھانے کے لیے ایک چار پہیہ چھوٹی گاڑی کا بھی انتظام کیا ہے لیکن اس کے باوجود مذکورہ ان دونوں جگہوں پر کچروں کے ڈھیر لگنے میں کوئی کمی واقع نہیں ہو رہی ہے۔ دراصل معاملہ گھر گھر سے کچرہ اٹھانے کے بعد اس کی نکاسی ہے۔ متعلقہ پنچایت کے پاس کوئی بھی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں پر کچروں کے ڈھیر ٹھکانے لگائیں جائیں۔ اس کے لیے پنچایت کے ذمہ داروں نے یہ طئے کیا ہے کہ جن جن محلوں سے کچرہ اٹھایا جائے گا انہی محلوں میں ایک ایسی جگہ مختص کی جائے جہاں پر گھروں سے اٹھایا ہوا کچرہ جمع کرکے ہفتہ دس دن بعد اس جگہ سے بھی کچرہ اٹھاکر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے اور اس کے مطابق بعض علاقوں میں کام بھی ہورہا ہے البتہ حنیف آباد اور رحمت آباد دونوں علاقہ کے گھروں سے کچرہ اٹھائے جانے کے بعد جمع کرنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ چار پہیہ والی گاڑی شروع ہونے کے بعد حنیف آباد میں ایک جگہ مختص کردی گئی تھی لیکن وہاں کے بعض مکینوں کی جانب سے اعتراض جتائے جانے پر وہاں اب کچرہ جمع نہیں کیا جارہا ہے۔ مذکورہ علاقوں کے عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچرہ نکاسی کے بعد اس کو جمع کرنے کے لیے ایسی جگہ کاانتخاب ہونا چاہیے جہاں پر جانور اس ڈھیر کی پہنچ سے دور رہیں لیکن یہ مسئلہ ابھی بھی زیر غور ہے کہ خصوصاً ان دونوں علاقوں کا کچرہ کہا ں جمع کیا جائے۔ 
    سوچھتا بھارت ابھیان کے موقع پر ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جہاں پر کچروں کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں وہاں کی صفائی ستھرائی کا خاص اہتمام کیا جاتا اور کچرہ نکاسی کے لیے کچھ ایسے اقدامات کیے جا تے جس سے عوام کے لیے درپیش اس مسئلہ کا صحیح حل نکل آتا لیکن گاندھی جیتنی کے موقع پر اس طرح کے ڈھیر سے عوام میں جو پیغام جارہا ہے اس کے بعدصفائی کے تعلق سے بیداری پیدا ہونا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
سوچھتا بھارت ابھیان کے موقع پر بھی سڑکوں کے کنارے بدبودار کچروں کے ڈھیر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ مذکورہ ان دونوں علاقوں کے عوام کو اس سے نجات ملنے کے لیے ابھی کتنا عرصہ درکارہے وہ ان جمع شدہ کچروں کے ڈھیر سے ہی معلوم ہورہا ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا