English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی عرب نے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے مملکت کے دروازے کھول دئیے

share with us


سالانہ زر مبادلہ ایک کھرب 15ارب ریال سے زائد، مملکت کی ترقی کیلئے سفر جاری رکھیں گے،جنرل اتھارٹی برائے سیاحت


ریاض:28/ ستمبر 2019(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب نے سیاحتی ویزا شروع کر کے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے باضابطہ طور پر مملکت کے دروازے کھول دیئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیاحت سازوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی موجودگی میں ریاض میں جنرل اتھارٹی برائے سیاحت و قومی ثقافتی ورثہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے دوران کہا گیا کہ مملکت میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور سیاحت سے سالانہ سعودی عرب کو ایک کھرب پندرہ ارب ریال کے زر مبادلہ کے حصول کی توقع ہے۔عالمی یوم سیاحت کے موقع پر ہونے والے اس پروگرام میں عالمی سیاحت آرگنائزیشن کے صدر زوراب پولو کاشیفیلی اور عالمی سفر و سیاحت کونسل کی چیئرپرسن گلوریا گیوارا سمیت عالمی سیاحت سے متعلق شعبے کی دسیوں شخصیات نے شرکت کی۔نیشنل ٹورزم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی کے چیئرمین احمد ال خطیب نے کہا کہ مملکت کے وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے ہم نے سیاحت کے بڑے منصوبوں کے آغاز اور قومی سیاحت کی حکمت عملی اختیار کرنے، سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ترغیبی ضابطوں کو اپنانے کے ساتھ مل کر عالمی سیاحت کی منزل تک پہنچنے کے لیے سخت تگ ودو شروع کر دی ہے۔اس موقع پران کا کہنا تھا کہ آج ہم نہ صرف زائرین کے لیے اپنیملک کے دروازے کھول رہے ہیں بلکہ ہم سرمایہ کاروں، خواتین اور تاجروں کا بھی مملکت میں سرمایہ کاری کے لیے خیر مقدم کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بڑے مواقع دستیاب ہیں۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت کی ترقی کے ویژن 2030 کی منزل کے حصول کا سفر جاری رکھیں گے۔الخطیب نے کہا کہ اس تاریخی لمحے میں سعودی مملکت دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب کے محکمہ سیاحت میں سالا نہ ایک کھرب 15 ارب ریال کا زر مبادلہ کمانے کی صلاحیت ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب کا عالمی سطح پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ مملکت کے وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے ہم نے سیاحت کے بڑے منصوبوں کے اجرا اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ترغیبی ضوابط کو اپنانے کے ساتھ مل کرقومی سیاحت کی ترقی کے لیے عمومی حکمت عملی اختیار کی اور سیاحت کے فروغ کے لیے سخت محنت شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک عظیم تاریخی ورثہ ہے جسے دنیا کے سیاح دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔ سعودی عہدیدار نے کہا کہ ہمارے پاس پانچ ایسے تاریخی مقامات بھی ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت 'یونیسکو' عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ قرار دے چکا ہے۔سعودی عرب کی حکومت نے فی الحال 49 ممالک کے لیے آسان شرائط پر سیاحتی ویزوں کا آغاز کیا ہے۔ مملکت سنہ 2030 تک غیر ملکی سیاحوں کی تعداد سالانہ 10 کروڑ تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے جب کہ اس وقت سالانہ سیاحوں کی تعداد 4 کروڑ 10 لاکھ ہے۔ سیاحوں کی تعداد کا ہدف پورا ہونے کی صورت میں سیاحت کے شعبے میں آمدن تین فی صد سے بڑھ کر 10 فی صد ہوجائے گی۔ سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں ملک بھر میں سیاحت کے شعبے میں ملازمتوں کے مواقع چھ لاکھ سے بڑھ کر 16 لاکھ تک ہوجائیں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا