English   /   Kannada   /   Nawayathi

جمعیۃ علماء ہندو دیگر مسلم رہ نماؤں کے وفد کی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات ! 

share with us

کشمیر اور این آرسی اور یو اے پی اے ایکٹ سے متعلق ملت اسلامیہ ہند کی تشویش پر وزیر داخلہ نے وضاحت پیش کی

 کشمیر میں امن وامان کی بحالی کے لیے ان کی سرکار ہر ممکن کوشش کررہی ہے
این آر سی کا عمل کسی بھی طبقہ کے خلاف نہیں ہے، بلکہ ملک کی ضرورت ہے ۔

یو اے پی اے ایکٹ میں اس کا لحاظ رکھا گیا ہے کہ کسی فرد کو بلاوجہ نشانہ نہ بنایا جائے ۔

نئی دہلی :21/ ستمبر 2019(فکروخبر/ذرائع) جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کی قیادت میں مسلمانوں کے ایک وفد نے آج بھارت کے وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی رہائش گاہ کرشنا مینن مارگ پر ملاقات کی اور ملک و ملت کو درپیش کئی اہم اور سلگتے مسائل پر دو ٹوک گفتگو کی۔ 

اس وفد میں سربراہ کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی، امیر جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، مفتی محمد سلمان منصورپوری رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند، مولانا نیاز احمد فاروقی سکریٹری جمعیۃ علما ء ہند، مولانا متین الحق اسامہ کانپور صدر جمعیۃ علماء اترپردیش، مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ، شکیل احمدسید رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند، مولانا حافظ ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرا، مولانا معزالدین احمد،مولانا یحیی کریمی صدر جمعیۃ علماء ہریانہ، ہماچل، پنجاب، مفتی محمد عفان منصورپوری اور حبیب فاروقی ممبئی شامل تھے۔
 
ملاقات کے وقت جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے حالیہ اجلاس مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء ہند میں منظور کردہ تجاویز کا ہندی نسخہ پیش کیا اور کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی منتظمہ کمیٹی ایسے ممبروں پر مشتمل ہے جو ملک کے ہر حصے اور ہر صوبے کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہیں۔مولانا مدنی نے کہا کہ اگرچہ حکومت کے ساتھ بہت سی باتوں میں ہمارا اختلاف ہے لیکن جہاں وہ ملکی مفاد کی بات کرے گی تو ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔اسی لیے ہماری منتظمہ کمیٹی نے کشمیر کے موضوع پر قرار داد میں صاف کہا ہے کہ کشمیر اور کشمیری سب ہمارے ہیں، ہم ان کو الگ نہیں کرسکتے۔ہندستانی مسلمان ہر طرح کی علیحدگی پسندی کے خلاف ہے اور جمعیۃ علماء ہند پہلے ہی سے متحدہ ہندستان کی حامی رہی ہے۔

  مولانا مدنی نے کہا کہ جہاں تک این آرسی کا مسئلہ ہے تو آسام کے حوالے سے مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش اور پورے ملک میں نفاذ سے متعلق آپ کے بیانات کو دھمکی بنا کر پیش کیا جارہا ہے، اگر آپ کی طرف سے مناسب وضاحت ہو تو یہ قومی مفاد میں بہتر ہوگا۔ اسی طرح ہم نے یو اے پی اے کی ترمیمات سے متعلق تجویز منظور کی ہے، ہم نے مانا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ترمیم ناگزیر ہے، لیکن اس کے سا تھ پولس اور انتظامیہ کے ذریعہ ناجائزطاقت کے استعمال کا سدباب بھی ضروری ہے۔

 ان تمام معروضات کے سننے کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دفعہ 370 کا ختم کرنا کشمیریوں کے مفاد میں ہے، اس  دفعہ سے کشمیری عوام کو فائدہ کے بجائے نقصان تھا جس کی انھوں نے کئی مثالیں بھی پیش کیں تاہم انھوں نے یقین دلایا کہ اس کی وجہ سے کشمیریوں کی تہذیب کو ہرگز متاثر نہیں ہو نے دیں گے۔ 

اس پر مفتی محمد سلمان منصورپوری نے کہا کہ کشمیر میں میڈیا و دیگر ذرائع پر پابندی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی لاحق ہے،ا س لیے اس کا فوری حل نکلناچاہیے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر میں 196 پولس اسٹیشن ہیں، ان میں صرف سات میں 144 نافذ ہے، کرفیو نہیں، صرف چودہ پولیس اسٹیشنوں پر رات میں کرفیو نافذ ہوتاہے، جہاں تک موبایل بند کرنے کا قضیہ ہے تو اس کی وجہ پاکستان کے ذریعہ سوشل میڈیا پروپیگنڈا ہے۔

جس طرح کے اشتعال انگیز فرضی مواد شائع کیے جارہے ہیں ان سے امن و امان کو شدید خطرہ لاحق ہے، لیکن ہم نے متبادل کے طور پر لینڈ لائن فون کا انتظام کیا ہے جسے کوئی بھی شخص چھ گھنٹے کے اندر حاصل کرسکتا ہے،مزید یہ کہ ہم نے ایک ہزار پی سی او لگائے ہیں تا کہ لوگ رابطہ کرسکیں،تاہم جودور دراز کا علاقہ ہے، وہاں تھوڑی پریشانی ہے،۔اسکول کھول دیے گئے ہیں،مگر ہم لوگوں پر جبر نہیں کرتے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حالات نارمل ہورہے ہیں او رہم اس کے لیے ہر طرح سے کوشاں ہیں۔
 
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کے این آرسی سے متعلق وضاحت طلب کیے جانے پر وزیر داخلہ نے کہا کہ این آرسی کے سلسلے میں لوگوں کو خائف ہو نے کوئی ضرور ت نہیں ہے، آسام کے سلسلے میں ہم نے سرکولر جاری کیا ہے کہ جن لوگوں کا نام شامل نہیں ہوسکا، ہم ان کے لیے سرکاری طور سے مفت قانونی خدمت فراہم کریں گے اور اگر کوئی شحص خود اپنا وکیل کرلے تو ہم اس کا خرچ بھی برداشت کریں گے۔ ہم آپ سے کہتے ہیں کہ آپ چار پانچ لوگوں کا وفد لے کر آسام جائیں اور اس پورے معاملے کی تحقیق کیجئے۔

انھوں نے بتایا کہ جہاں تک پورے ملک میں این آرسی کی بات ہے تو دنیا کا کوئی ایک ملک بتا دیجئے جہاں این آرسی نہ ہوا ہو۔ ہمارا مقصد اقلیتوں کو ہراساں کرنا نہیں ہے، ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی شخص مذہب کی بنیاد پر زد میں نہ آئے۔ جہاں تک دراندازوں کا مسئلہ ہے تو ہم ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ 

لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ یہ ملک کا مسئلہ ہے اور یہ قدم ملک کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔یو اے پی اے ایکٹ میں ترمیمات سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ جو بھی قانون بنایا ہے اس کے اندر اس کا لحاظ کیا گیا ہے کہ اس کا غلط استعمال نہ ہو، اس میں سخت شرائط موجود ہیں۔و زیر داخلہ نے سدبھاؤ نا کمیٹی کے قیام پر جمعےۃ کی ستائش کی اور کہاکہ اس کی کوشش جاری رکھئے، آج کے دور میں باہمی گفتگو کی بڑی ضرورت ہے۔

 جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر امام مہدی سلفی نے وزیر داخلہ سے کہا کہ ہم ڈائیلوگ اور باہمی گفتگو میں یقین رکھتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے مسائل بالخصوص اقلیتوں کو درپیش دشواریوں کو اسی راہ سے حل کیا جائے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم تمام مسلم تنظیموں کے ساتھ کھلے دل سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا