English   /   Kannada   /   Nawayathi

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو سپریم کورٹ سے بھی فی الحال نہیں ملی راحت ، ہو سکتی ہے گرفتاری

share with us

نئی دہلی :21اگست 2019 (فکروخبر/ ذرائع )عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کے بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازع کی سماعت میں مصروف ہونے کے سبب سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو عبوری ضمانت سے متعلق معاملہ میں فی الحال راحت نہیں مل سکی ہے۔ چدمبرم کے وکیل کپل سبل نے جسٹس این وی رمن کی بینچ کے سامنے معاملہ کو پیش کیا لیکن انہوں نے اس بابت کوئی فیصلہ دینے سے انکار کرتے ہوئے متعلقہ معاملہ چیف جسٹس کے پاس بھیج دیا۔

جسٹس رمن نے اس درمیان  پی چدمبرم کو گرفتاری سے عبوری راحت دینے سے بھی انکار کردیا۔ اس کے بعد کپل سبل نے چیف جسٹس کی بنچ کی جانب رخ کیا لیکن وہاں بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازع کی سماعت شروع ہوچکی تھی، اس لئے سابق مرکز وزیر کی عرضی پر سماعت نہیں ہو سکی۔

وہیں، دوسری طرف، ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ) نے آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ معاملہ میں چدمبرم کے خلاف بدھ کو لک آؤٹ نوٹس جاری کیا۔ خیال رہے دہلی ہائی کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی عرضی منگل کو مسترد کر دی تھی۔ درخواست مسترد ہونے کے بعد ای ڈی اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی ٹیمیں چدمبرم کی نئی دہلی کے جورباغ علاقہ میں واقع رہائش گاہ پر گئی تھیں مگر وہ گھر میں موجود نہیں تھے۔

ای ڈی کے حکام نے کہا ہے کہ منگل کو دہلی ہائی کورٹ نے چدمبرم کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ لک آؤٹ نوٹس کے سلسلہ میں حکام نے کہا کہ یہ قدم احتیاط کے طور پر اٹھایا گیا ہے کیونکہ فی الحال چدمبرم کہاں ہیں اس کی جانکاری نہیں ہے۔ تفتیشی ایجنسی نے کہا کہ آئی این ایکس میڈیا معاملہ کی جانچ کو آگے بڑھانے کے لئے چدمبرم کی اس کے سامنے موجودگی ضروری ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا